ویسٹ چائنہ ہسپتال میں ٹیلی روبوٹک سرجری سے متعلق بین الاقوامی تربیتی پروگرام کا آغاز

چھنگ دو (شِنہوا) سیچھوان یونیورسٹی کے ویسٹ چائنہ ہسپتال میں وسطی ایشیائی ممالک کے لئے ٹیلی روبوٹک سرجری سے متعلق بین الاقوامی تربیتی پروگرام کا باضابطہ آغاز 19 اکتوبر کو ہوگیا۔ آئندہ 5 روز کے دوران قازقستان کے علاقے الماتے اور ازبکستان کے شہر تاشقند اور ثمرقند سے تعلق رکھنے والے 24 سرجن چھنگ دو میں روبوٹک سرجری کی تکنیکوں اور دور دراز مقامات سے باہمی تعاون کے تجربات سے آگاہی حاصل کریں گے۔تربیتی پروگرام میں خصوصی لیکچرز، آزمائشی سرگرمیوں، جانوروں پر سرجری کی عملی تربیت اور طبی معائنے کے مشاہدے کے ذریعے شرکاء کو جدید طبی مہارتیں سکھائی جائیں گی۔ اس پروگرام کا مقصد صحت کے شعبے میں سیچھوان اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان تبادلوں اور تعاون کو مزید گہرا کرنا ہے۔
اس تربیتی پروگرام کی میزبانی صوبہ سیچھوان کا دفتر برائے امور خارجہ اور انتظام سیچھوان یونیورسٹی کا ویسٹ چائنہ ہسپتال کر رہا ہے۔ افتتاحی تقریب میں صوبہ سیچھوان کے دفتر برائے امور خارجہ کے نائب ڈائریکٹر لی ہوائی چھیانگ، سیچھوان یونیورسٹی کے ویسٹ چائنہ سکول آف میڈیسن کے ڈین اور ویسٹ چائنہ ہسپتال کے صدر لوو فینگ منگ نے شرکت کی۔ ہسپتال کے نائب صدر وو ہونگ نے تقریب کی صدارت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب ڈائریکٹر لی ہوائی چھیانگ نے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام 2024 کے اختتام پر سیچھوان میں منعقد ہونے والے چین اور وسطی ایشیائی ممالک کے وزرائے خارجہ کے پانچویں اجلاس کے نتائج پر عملدرآمد کے لئے ایک عملی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون، مشترکہ طور پر ’’ہیلتھ سلک روڈ‘‘ کی تعمیر کی کوششوں کا ایک اہم ستون ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام زیر تربیت افراد اس تعلیمی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے، تبادلے اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے عمل میں فعال حصہ لیں گے اور حاصل کردہ تصورات اور تکنیکوں کو اپنے اپنے ممالک میں طبی خدمات کی فراہمی کے لئے استعمال کریں گے۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ طب کو ایک پل کے طور پر استعمال کرتے ہوئے سیچھوان اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور دوستانہ روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
ویسٹ چائنہ ہسپتال کے صدر لوو فینگ منگ نے کہا کہ صحت کے شعبے میں تعاون بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کا ایک اہم حصہ ہے، جبکہ طبی ماہرین کی تربیت معیاری طبی وسائل سے استفادہ کو فروغ دینے اور تمام انسانوں کی صحت کے لئے عالمی برادری کی تشکیل میں ایک اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ چائنہ ہسپتال طبی نگہداشت، طبی تعلیم، سائنسی تحقیق و جدت اور ٹیلی میڈیسن کے پلیٹ فارمز میں اپنی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے وسطی ایشیائی ممالک کے طبی ماہرین کے لئے سیکھنے اور تجربات کے تبادلے کا پلیٹ فارم قائم کرے گا۔ اس سے جدید طبی ٹیکنالوجی کے تبادلے اور طبی عملے کی تربیت میں مربوط ترقی کو فروغ ملے گا۔
تربیت حاصل کرنے والے افراد کے نمائندوں، قازقستان کے کارا -سے ڈسٹرکٹ جنرل سنٹرل ہسپتال کے نائب صدر سٹاڈینیکوف میکسم الیگزینڈرووچ اور ازبکستان کے شہر تاشقند کےمحکمہ صحت کے نائب ڈائریکٹر ماجیتوف الخوم عبدومانونووچ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے دعوت دینے اور بہترین انتظامات کرنے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس تربیتی پروگرام کے ذریعے چینی طبی اداروں کے ساتھ پیشہ ورانہ تبادلوں کو مزید گہرا کرنے اور تعاون کے دائرے کو وسیع کرنے میں مدد ملے گی۔
ٹیلی میڈیسن سے لے کر روبوٹک سرجری تک ویسٹ چائنہ ہسپتال ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو طبی تشخیص اور علاج کے ساتھ مربوط کرنے کے لئے مسلسل کام کر رہا ہے۔ اس مقصد کے تحت ہسپتال نے بین الاقوامی طبی تبادلوں اور طبی ماہرین کی تربیت کے لئے ایک پیشہ ورانہ پلیٹ فارم بھی قائم کیا ہے۔
ویسٹ چائنہ ہسپتال نے 2001 میں اپنا ٹیلی میڈیسن مرکز قائم کیا تھا۔ اس وقت ہسپتال کا ٹیلی میڈیسن نیٹ ورک ملک بھر کے 26 صوبوں، خودمختار علاقوں اور بلدیاتی اکائیوں کے 733 طبی اداروں تک پھیلا ہوا ہے۔ اس نیٹ ورک کے ذریعے صوبہ سیچھوان کی تمام 183 کاؤنٹیوں، شہروں اور اضلاع کا احاطہ کیا جا چکا ہے۔ہسپتال اب تک دور دراز مقامات سے 80 ہزار سے زیادہ طبی مشاورتیں فراہم کر چکا ہے، جبکہ اس کے ’’ویسٹ چائنہ کلاؤڈ کلاس روم‘‘ کے ذریعے ایک کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ افراد تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ گزشتہ 3برسوں کے دوران ہسپتال نے دنیا کے 40 سے زیادہ ممالک کے لئے کم سے کم جراحی مداخلت پر مبنی طبی طریقوں کے 20 سے زیادہ عملی تربیتی پروگرام منعقد کئے ہیں۔ اس عرصے میں 300 سے زیادہ غیر ملکی طبی اہلکاروں نے اعلیٰ تربیت کے لئے ہسپتال کا دورہ کیا۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے معیاری طبی ٹیکنالوجی اور طبی تجربات کے بین الاقوامی تبادلوں کو مسلسل فروغ دیا جا رہا ہے۔
رواں سال مارچ میں ویسٹ چائنہ ہسپتال نے ویسٹ چائنہ انٹرنیشنل روبوٹک ٹیلی سرجری کنٹرول سنٹر قائم کیا، جس سے روبوٹک سرجری اور ٹیلی میڈیسن کے شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات مزید وسیع ہوئے۔ اس پلیٹ فارم کی مدد سے موجودہ تربیتی پروگرام میں روبوٹک سرجری کے نظریاتی اصولوں، عملی مہارتوں اور ٹیم ورک کی منظم تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کا مقصد شرکا کو روبوٹک سرجری کی تکنیکی خصوصیات، طریقہ کار کے معیارات اور دور دراز مقامات سے باہمی تعاون کے عمل کو سمجھنے میں مدد دینا ہے۔یہ مرکز بیلاروس، تھائی لینڈ، برازیل، پولینڈ اور دیگر ممالک کے طبی اداروں کے ساتھ تعاون کر چکا ہے اور مختلف ممالک اور براعظموں میں واقع مقامات کے درمیان روبوٹک سرجری کے متعدد کامیاب آپریشن انجام دے چکا ہے۔ اب تک اس مرکز میں ٹیلی روبوٹک سرجری کے مجموعی طور پر 85 آپریشن مکمل کئے جا چکے ہیں۔ اس طرح ’’کلاؤڈ سرجری‘‘ کے ذریعے بین الاقوامی طبی تبادلوں کے پل قائم کئے جا رہے ہیں، چین کے کم سے کم جراحی مداخلت پر مبنی طریقوں کے تجربات دوسرے ممالک تک پہنچائے جا رہے ہیں اور معیاری طبی خدمات کو عالمی سطح پر عام کرنے میں مدد دی جا رہی ہے۔
تربیتی نصاب میں روبوٹ کو نصب کرنے اور کھولنے، جراحی آلات داخل کرنے کے مقامات کے تعین کے اصول، سرجری کنسول اور کیمرے کو چلانے، آلات کو پکڑنے اور منتقل کرنے، ٹانکے لگانے اور گرہیں باندھنے، نیز توانائی استعمال کرنے والے جراحی آلات کے استعمال سمیت مختلف موضوعات شامل ہیں۔اس کے علاوہ شرکاء کے لئے آزمائشی سرگرمیوں، جانوروں پر سرجری کی عملی تربیت، مہارتوں کی جانچ اور حقیقی طبی آپریشنز کا مشاہدہ بھی ترتیب دیا گیا ہے۔تربیت حاصل کرنے والے افراد ویسٹ چائنہ انٹرنیشنل روبوٹک ٹیلی سرجری کنٹرول سنٹر کا دورہ بھی کریں گے، جہاں وہ طبی کارروائیوں کے مراحل، جراحی ٹیم کے ارکان کے درمیان ذمہ داریوں کی تقسیم اور دور دراز مقامات سے سرجری میں تعاون کے تقاضوں کو تفصیل سے سمجھ سکیں گے۔ نظریاتی تعلیم اور عملی مشاہدے کے ذریعے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔



  تازہ ترین   
حوثی باغیوں نے تہران کی ثالثی کی پیشکش کا تاحال کوئی جواب نہیں دیا، ایران
حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا
وزیراعظم دہشتگردی کیخلاف تمام سیاسی جماعتوں سے بات کیلئے تیار ہیں: رانا ثنا
پوتن اور امریکی حکام کی جلد ملاقات متوقع، روس کا جوہری تخفیف اسلحہ پر مذاکرات بحال کرنے پر زور
مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے
ملتان میں یتیم بچے کو کار سے کچلنے والا ملزم مقابلے میں ہلاک
یمن کی مسلح افواج کے 700 سے زائد حملے، سیکڑوں حوثی جنگجو ہلاک، متعدد زخمی
وزیراعظم دہشتگردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کیلئے تیار ہیں: رانا ثنا





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر