گوانگژو (شِنہوا) چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ، جو صنعتی پیداوار کا بڑا مرکز اور تجارت میں نمایاں مقام رکھتا ہے، کی غیر ملکی تجارت 2026 کی تیسری سہ ماہی میں پہلی بار 30 کھرب یوآن (تقریباً 446 ارب امریکی ڈالر) سے تجاوز کر گئی۔ یہ پیش رفت عالمی مشکلات کے باوجود چین کی غیر ملکی تجارت کی مضبوطی کو ظاہر کرتی ہے۔
کسٹمز کی جنرل ایڈمنسٹریشن (جی اے سی) کے ماتحت گوانگ ڈونگ کسٹمز ذیلی انتظامیہ کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق تیسری سہ ماہی میں صوبے کی تجارتی مالیت ریکارڈ 32.3 کھرب یوآن تک پہنچ گئی۔ گزشتہ سال کی نسبت تجارتی نمو کی شرح بڑھ کر 31.3 فیصد ہو گئی، جبکہ پہلی سہ ماہی میں یہ شرح 19.3فیصد اور دوسری سہ ماہی میں22 فیصد تھی۔ اس طرح صوبے کی تجارت میں سہ ماہی بنیاد پر مسلسل تیزی دیکھنے میں آئی۔
یہ صوبے کی تجارت میں گزشتہ سال کی نسبت مسلسل 13ویں سہ ماہی میں اضافے کا بھی ریکارڈ ہے۔
ستمبر میں غیر ملکی تجارت کی مالیت 11.8 کھرب یوآن تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 45.7 فیصد زائد ہے۔ یہ پانچ سال کے دوران کسی ایک مہینے میں ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے۔ اس کے علاوہ جون سے مسلسل 4 ماہ تک ہر مہینے کی تجارت 10 کھرب یوآن سے زیادہ رہی۔
رواں سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران گوانگ ڈونگ کی درآمدات اور برآمدات گزشتہ سال کی نسبت 24.5 فیصد اضافے کے ساتھ 87.2 کھرب یوآن تک پہنچ گئیں۔
صوبے نے اپنی تجارتی سرگرمیوں کو مزید متنوع بنایا اور 160 سے زیادہ ممالک اور خطوں کے ساتھ درآمدات و برآمدات میں اضافہ ہوا۔ بیلٹ اینڈ روڈ شراکت دار ممالک کے ساتھ تجارت 18.2 فیصد اضافے کے ساتھ 32 کھرب یوآن تک پہنچ گئی جبکہ ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (اپیک) کی دیگر معیشتوں کے ساتھ تجارت 26.4 فیصد بڑھ کر 57.4 کھرب یوآن ہو گئی۔
تجارت کے ڈھانچے میں بھی بہتری آئی۔ درآمدات کی شرح نمو برآمدات سے 28.3 فیصد پوائنٹس زیادہ رہی، جو زیادہ متوازن تجارتی ڈھانچے کی جانب پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہے۔ صوبے میں اعلیٰ ٹیکنالوجی کی مصنوعات کی برآمدات ترقی کا اہم محرک بن کر سامنے آئیں۔ جدید صنعتی مصنوعات کی برآمدی مالیت11 کھرب یوآن تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہے۔ خصوصی آلات، مربوط سرکٹس، کمپیوٹر کے پرزہ جات، لیتھیم بیٹریوں اور برقی گاڑیوں کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا۔ مربوط سرکٹس اور کمپیوٹر کے اجزاء کی درآمدات میں بھی تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کسٹمز کی جنرل ایڈمنسٹریشن کی گوانگ ڈونگ ذیلی انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ رواں سال صوبے کی غیر ملکی تجارت کے حجم، ڈھانچے اور معیار میں بہتری آئی ہے، جو اس شعبے کی مستحکم ترقی کی عکاسی کرتی ہے۔
گوانگ ڈونگ کے دارالحکومت گوانگژو میں چین کی 140ویں درآمدات و برآمدات کی نمائش، جسے کینٹن میلے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، جاری ہے۔ اس میں دنیا بھر سے نمائش کنندگان اور خریدار شرکت کر رہے ہیں۔عہدیدار نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ یہ میلہ گوانگ ڈونگ میں تجارتی اختراع کو نئی تحریک دے گا اور چوتھی سہ ماہی میں بھی صوبے کی برآمدات کی مضبوط رفتار برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
چین کے اہم تجارتی مرکز گوانگ ڈونگ کی سہ ماہی غیر ملکی تجارت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی



