بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت ماحولیات نے کہا ہے کہ مرکزی ماحولیاتی تحفظ کے معائنے کے تیسرے مرحلے کے ساتویں دور کے لئے پانچ ٹیموں کی تعیناتی مکمل کر لی گئی ہے۔
اس مرحلے میں دو معمول کی معائنہ ٹیمیں شامل ہیں جو سرکاری وزارتوں کا معائنہ کریں گی جبکہ تین خصوصی ٹیمیں غاروں، زمین پر پڑے گڑھوں اور وادیوں میں آلودگی پر توجہ دیں گی۔
دو معمول کی ٹیمیں وزارت تعمیرات و شہری و دیہی ترقی اور وزارت زراعت و دیہی امور کا ایک ماہ تک معائنہ کریں گی۔
ایک خصوصی ٹیم صوبہ ہوبے، صوبہ ہونان اور گوانگ شی میں معائنہ کرے گی جبکہ دوسری ٹیم چھونگ چھنگ اور صوبہ سیچھوان میں کام کرے گی۔ تیسری ٹیم کی تعیناتی صوبہ گوئی ژو اور صوبہ یون نان میں کی گئی ہے۔ ان معائنوں کا دورانیہ تقریباً دو ہفتے متوقع ہے۔
وزارت کے مطابق ان معائنوں کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے جواب دہی کو مضبوط بنانا، ملک میں ماحول دوست تبدیلی کے عمل کو تیز کرنا، ماحولیاتی معیار کو نمایاں طور پر بہتر بنانا اور ایک خوبصورت چین کی تعمیر میں اہم پیش رفت حاصل کرنا ہے۔
ماحولیاتی تحفظ کے مرکزی معائنے ماحولیاتی تہذیب کے فروغ کے لئے 2015 میں متعارف کرایا جانے والا ایک اہم ادارہ جاتی نظام ہے۔ معائنے کے متعدد مراحل کے ذریعے مقامی سطح پر ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے جواب دہی کو مضبوط بنایا گیا ہے اور مختلف علاقوں میں دیرینہ مسائل حل کرنے میں مدد ملی ہے۔ معائنے کے موجودہ تیسرے مرحلے کا آغاز نومبر 2023 میں ہوا تھا۔
چین کا ماحولیاتی تحفظ سے متعلق اہم ضابطہ 15 اگست کو باضابطہ طور پر نافذ ہو گیا ہے، جس سے ماحول کے تحفظ کے لئے قانونی بنیاد مزید مضبوط ہوگئی ہے۔ چین کی اعلیٰ مقننہ نے مارچ میں اس ضابطے کی منظوری دی تھی۔ دیوانی قانون کے بعد یہ چین کا دوسرا باقاعدہ قانونی ضابطہ ہے۔
اس ضابطے میں 5 ابواب اور 1242 دفعات شامل ہیں جن میں آلودگی پر قابو پانے، ماحولیاتی تحفظ اور ماحول دوست و کم کاربن ترقی سمیت مختلف شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس میں ماحولیاتی تحفظ کے مرکزی معائنوں سے متعلق دفعات بھی شامل ہیں۔
چین نے ماحولیاتی معائنے کے تازہ مرحلے کے لئے پانچ ٹیمیں تعینات کر دیں



