ہرارے (شِنہوا) زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں منعقدہ چین۔زمبابوے کماڈٹی ایکسپو اور روزگار میلے میں ملازمت کے متلاشی افراد نے شرکت کی۔ ان کا مقصد چینی کمپنیوں سے رابطہ کرکے روزگار کے مواقع تلاش کرنا تھا۔ یہ سرگرمی ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب زمبابوے میں چینی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔
چین اور زمبابوے کے تعلقات مضبوط بنانے کے لئے کام کرنے والے ادارے چائنہ زمبابوے ایکسچینج سنٹر(سی زیڈ ای سی) کے زیر اہتمام یہ تین روزہ نمائش اور میلہ روزگار اتوار تک جاری رہے گا۔ اس میں ایسے افراد شریک ہیں جو اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز کرنا چاہتے ہیں جبکہ مختلف کمپنیاں مقامی ہنرمند افراد کو ملازمت دینے کے مواقع تلاش کر رہی ہیں۔
شرکاء میں لینگٹن چیکوزو بھی شامل تھے جنہوں نے میٹریلز انجینئرنگ میں گریجویشن کی ہے اور ایک چینی کمپنی میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے کے خواہش مند ہیں۔
چیکوزو نے کہا کہ میں نے حال ہی میں میٹریلز انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی ہے اور پیداوار، توانائی یا تعمیرات کے شعبوں میں ملازمت تلاش کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں کئی کمپنیوں کو اپنی سی وی بھیج چکا ہوں۔
زمبابوے میں چینی سرمایہ کاری میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے چیکوزو نے کہا کہ وہ مزید تعلیم حاصل کرنے سے پہلے عملی تجربہ حاصل کرنا اور اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔
اس روزگار میلے میں فنی تربیتی اداروں اور جامعات کے طلبہ نے بھی شرکت کی جو روزگار کی منڈی کو سمجھنے اور ممکنہ آجروں سے رابطے کے خواہش مند تھے۔
ڈیزل انجنوں کی تنصیب اور مرمت کی تربیت حاصل کرنے والے جسٹن مکوتوس، جس کی اگلے سال تعلیم مکمل ہونے کی توقع ہے، نے کہا کہ وہ ملازمت کے ماحول سے واقفیت حاصل کرنے اور یہ جاننے کے لئے اس تقریب میں آئے ہیں کہ کمپنیاں نئے ملازمین میں کن صلاحیتوں کو ترجیح دیتی ہیں۔
شرکت کرنے والی کمپنیوں کے لئے یہ روزگار میلہ مقامی سطح پر ہنرمند کارکنوں کی تلاش اور بھرتی کا موقع بھی تھا۔ زمبابوے میں چینی سرمایہ کاری سے کام کرنے والی کمپنی کیانگا کوارٹز سلیبز کی بزنس منیجر ویلیری نوکوڈزا نے بتایا کہ ان کی کمپنی اپنی ٹیم میں ایک سیلز منیجر بھرتی کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ٹیم میں ایسے سیلز منیجر کی تلاش میں ہیں جو نتائج حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ اس کی ذمہ داریوں میں گاہکوں سے رابطہ رکھنا، آن لائن پلیٹ فارمز اور فون کالز کے ذریعے موصول ہونے والے سوالات کے جواب دینا، درست نرخ نامے تیار کرنا اور ممکنہ گاہکوں سے مسلسل رابطے کے ذریعے انہیں خریدار بنانے کے لئے اقدامات کرنا شامل ہے۔
چائنہ زمبابوے ایکسچینج سنٹر کے جنرل منیجر والٹر چھناکا نے کہا کہ نمائش اور روزگار میلہ چین اور زمبابوے کے درمیان بڑھتے ہوئے کاروباری روابط کی عکاسی کرتے ہیں جبکہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کا ایک اہم حصہ ہے۔
چھناکا نے خود بھی چین میں تعلیم حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ زمبابوے میں ملازمت کے متلاشی افراد کو درپیش مشکلات سے واقف ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ تقریب انہیں ممکنہ آجروں سے رابطے کا موقع فراہم کرے۔
انہوں نے کہا ہم نے چینی کمپنیوں کو ایک جگہ جمع کیا ہے تاکہ وہ ملازمت کے مواقع فراہم کر سکیں، خصوصاً ان افراد کو جنہوں نے چین میں تعلیم حاصل کی ہے۔ تاہم یہ مواقع صرف چین سے تعلیم حاصل کرنے والے گریجویٹس تک محدود نہیں بلکہ ہر شخص ان سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روزگار کے مواقع صرف چینی کمپنیوں تک محدود نہیں ہیں بلکہ میلہ روزگار میں شریک زمبابوے کی کمپنیاں بھی ممکنہ ملازمین کی تلاش کر رہی ہیں۔
ملازمتوں کی فراہمی کے علاوہ اس نمائش نے چینی اور زمبابوے کی کمپنیوں کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے اور کاروبار کے مزید مواقع تلاش کرنے کے لئے بھی ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ اس طرح روزگار کے امکانات کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر تجارتی تعاون کو بھی فروغ ملا۔
زمبابوے کی معیشت میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کے باعث چینی کمپنیاں ملک میں روزگار فراہم کرنے والے اہم اداروں میں شامل ہوگئی ہیں، زمبابوے کی معیشت کے اہم شعبوں میں کان کنی، صنعت اور زراعت شامل ہیں۔
زمبابوے کے نوجوان کو روزگار میلے میں چینی کمپنیوں میں ملازمت کے مواقع کی تلاش



