بیجنگ (شِنہوا) چین میں اس سال قومی دن کی ایک ہفتہ طویل تعطیلات کے دوران، جو بدھ کو ختم ہوئیں، روزانہ اوسطاً 22 لاکھ 10 ہزار اندرون و بیرون ملک آمد و رفت ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.7 فیصد زیادہ ہے۔
قومی امیگریشن انتظامیہ نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ تعطیلات کے ایک ہفتے کے دوران ملک بھر کے سرحدی معائنہ حکام نے مجموعی طور پر ایک کروڑ 54 لاکھ 60 ہزاراندرون و بیرون ملک سفری دورے ریکارڈ کئے۔
انتظامیہ کے مطابق اس عرصے کے دوران چینی مین لینڈ کے رہائشیوں نے44 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ بیرون ملک سفری دورے کئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 9.3 فیصد زیادہ ہیں۔
چین کے معروف آن لائن سفری پلیٹ فارمز مافینگ وو اور سی ٹرپ کے اعداد و شمار کے مطابق تعطیلات کے دوران نیوزی لینڈ اور آئس لینڈ جیسے طویل فاصلے کے مقامات سیاحوں میں مقبول رہے۔
تعطیلات کے ایک ہفتے کے دوران غیر ملکی شہریوں کی طرف سے 6 لاکھ 82 ہزار دورے کئے گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5.4 فیصد زیادہ ہیں۔ جن میں سے 5 لاکھ 5 ہزار داخلے ویزا فری پالیسیوں کے تحت تھے، جو 9.2 فیصد زیادہ ہیں۔
رواں سال جنوری سے اگست تک چین میں غیر ملکی شہریوں کے 6 کروڑ 12 لاکھ 90 ہزار آمد و رفت کے دورے ریکارڈ کئے گئے، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 19.5 فیصد زیادہ ہیں۔ ان میں ویزا فری داخلوں کی تعداد 2 کروڑ 37 لاکھ 20 ہزار رہی، جو گزشتہ سال کی نسبت 26.8 فیصد زائد ہے۔
دسمبر 2023 میں چین نے 6 ممالک کے شہریوں کو یکطرفہ طور پر ویزا سے استثنیٰ دینے کی آزمائشی پالیسی شروع کی تھی۔ ستمبر تک اس پالیسی کے تحت ویزا فری داخلے کی سہولت 50 ممالک کے شہریوں تک بڑھا دی گئی ہے۔ اس پالیسی کے تحت اہل غیر ملکی شہری چین میں 30 دن تک قیام کر سکتے ہیں۔
چین نے دسمبر 2024 میں بعض ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا فری ٹرانزٹ کی مدت بھی 72 یا 144 گھنٹے سے بڑھا کر 240 گھنٹے کر دی تھی۔ اب تک 57 ممالک اس سہولت کے اہل ہیں۔
چین میں قومی دن کی تعطیلات کے دوران ایک کروڑ 54 لاکھ 60 ہزار سرحد پار سفری دورے ریکارڈ



