کراچی (نیشنل ٹائمز) ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے مطالبے پر کراچی سے اسلام آباد تک مارچ کرنے کا عندیہ دے دیا۔
سندھ سمیت ملک بھر میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام اور بااختیار بلدیاتی نظام کے نفاذ کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، تہذیب کامیاب ہوئی جبکہ بدتہذیبی کو شکست ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں نے ایک مرتبہ پھر تاریخ رقم کردی ہے، آج کراچی نے فیصلہ دے دیا ہے اور ہم نے اپنا کراچی واپس لے لیا ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جب یہ قافلہ کراچی سے اسلام آباد کی جانب جائے گا تو پاکستان کا مقدر بن جائے گا۔ ان کے مطابق ایم کیو ایم کا مطالبہ عوامی اور اشتراکی جمہوریت کا قیام ہے۔
ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام نے آج اختیارات کی منتقلی کے حق میں ووٹ دے دیا ہے اور اب شراکت داری کا دور شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 سال کا صبر آج سڑکوں پر آ گیا ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ اندرون سندھ سے بھی لوگ باہر نکلے ہیں، اب موروثی سیاست دانوں سے جان چھڑانے کا وقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھر، میرپور خاص اور نواب شاہ کا میئر ہمارا ہوگا۔



