کولمبو (شِنہوا) چین اور سری لنکا کے درمیان میڈیا تعاون کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد ہوا، جس میں چین اور سری لنکا کے درمیان مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل میں ذرائع ابلاغ کے کردار پر توجہ مرکوز کی گئی۔
افتتاحی خطاب میں سری لنکا کی نائب وزیر برائے ماس میڈیا کاؤشالیا آریا رتنے نے کہا کہ حالیہ برسوں میں سری لنکا اور چین کے درمیان میڈیا تعاون کی ترقی سے ظاہر ہوتا ہے کہ میڈیا اب محض معلومات کی ترسیل کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ معاشروں کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ کے فروغ اور عوامی و ثقافتی تبادلوں کو بڑھانے کا اہم ذریعہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میڈیا کو دوطرفہ تعاون کا اہم شعبہ سمجھتے ہیں اور نئی ٹیکنالوجیز سے پیدا ہونے والے مسائل اور مواقع سے مشترکہ طور پر نمٹنے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سیمینار دونوں ممالک کے درمیان پائیدار میڈیا مکالمے اور تعاون کو فروغ دینے میں مدد دے سکتا ہے۔
سری لنکا میں چین کے سفیر وے ہواشیانگ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں چین اور سری لنکا کے درمیان میڈیا کے تبادلے اور اہلکاروں کے باہمی دورے مزید قریبی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چینی سفارتخانہ ہر سال سری لنکن صحافیوں کو مطالعاتی دوروں، تبادلوں اور باہم سیکھنے کے لئے چین مدعو کرتا ہے۔
سفیر نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک میڈیا تعاون کے طریقہ کار کو مزید مضبوط، تبادلے کے ذرائع کو وسیع اور خبروں کی رپورٹنگ، مواد کی تیاری، افرادی قوت کی تربیت اور تکنیکی جدت سمیت عملی تعاون کو فروغ دیں گے تاکہ چین اور سری لنکا کے درمیان دوستانہ تعاون کی اچھی عکاسی کی جا سکے۔
عصری چین اور عالمی امور کے مطالعاتی ادارے کے نائب صدر فان داچھی نے کہا کہ چین اور سری لنکا کے تعلقات کے ایک نئے تاریخی مرحلے میں داخل ہونے کے ساتھ دونوں ممالک کے میڈیا ماہرین کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ باہمی تعاون میں ہونے والی پیش رفت کو ریکارڈ کریں، چین اور سری لنکا کی دوستی کی کہانیاں بیان کریں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ اور قربت کو فروغ دیں۔
سیمینار کے شرکاء نے کہا کہ اقتصادی تعاون، علاقائی روابط، بنیادی شہری سہولتوں کی ترقی اور ثقافتی، سائنسی و تکنیکی تبادلوں کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان دوستی مزید گہری ہو رہی ہے، جس کے باعث میڈیا اداروں کا کردار بھی دن بدن اہم ہوتا جا رہا ہے۔ میڈیا کو دونوں ممالک کی ترقی کے بارے میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرنی چاہیے، دوطرفہ تعاون کی حقیقت کو واضح طور پر اجاگر کرنا چاہیے، باہمی احترام کو فروغ دینا چاہیے اور چین اور سری لنکا کے مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تعمیر کو آگے بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے۔
سیمینار کے بعد دونوں جانب سے چین اور سری لنکا کے میڈیا تعاون سے متعلق مشترکہ اقدام اور میڈیا تعاون کے لئے ایک لائحہ عمل جاری کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تبادلوں اور تعاون کے لئے ایک نئی راہ متعین کی گئی۔
دونوں ممالک کے سرکاری محکموں، میڈیا اداروں، تھنک ٹینکس اور جامعات سے تعلق رکھنے والے 80 سے زائد مہمانوں نے تقریب میں شرکت کی۔
چینی اور سری لنکن میڈیا ماہرین دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے مزید تبادلوں کے خواہاں



