لاہور (نیشنل ٹائمز) ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا نے کرپشن میں ملوث پولیس افسران و ملازمین کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے 37 اہلکاروں کو معطل اور کلوز انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹر کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔ ترجمان کے مطابق معطل ہونے والے افسران و ملازمین میں11 سب انسپکٹرز، 14 اے ایس آئیز،6 ہیڈ کانسٹیبلز اور6 کانسٹیبلز شامل ہیں۔ تمام افسران و ملازمین مختلف تھانوں میں تعینات تھے ۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا کہ معطل افسران و ملازمین کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں خود احتسابی کا مؤثر میکانزم موجود ہے ، کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
سید ذیشان رضا نے کہا کہ محنتی، قابل اور ایماندار پولیس ملازمین محکمے کا اثاثہ ہیں جبکہ کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔دریں اثنا ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایت پر اہلکاروں کے کڑے احتساب کے لیے اردل روم کا انعقاد،اردل روم میں مجموعی طور پر 28 اہلکاروں کے کیسز کی سماعت، شکایات اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، شواہد اور ریکارڈ کی روشنی میں بڑی کارروائی، 3 سب انسپکٹرز اور ایک اے ایس آئی کو ڈسمس فرام سروس کردیا گیا، محکمانہ سماعت کے دوران غفلت کے مرتکب مزید 4 اہلکاروں کو بھی سخت سزائیں سنا دی گئیں، اردل روم میں 4 افسران کی ایک، ایک سال کی انکریمنٹ روکنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے۔



