تہران(نیشنل ٹائمز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای عظیم عالم اور رہنما تھے، دنیا بھر میں مسلمان انہیں عظیم رہنما کے طور پر یاد رکھیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شہید آیت اللہ علی خامنہ ای نے ثابت قدمی، جرات، صبر اور دوراندیشی کا مظاہرہ کیا، شہید سپریم لیڈر نے انتہائی خلوص اور غیرمتزلزل عزم کے ساتھ ایران کی خدمت کی۔
انہوں نے کہا کہ ایران ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان انہیں ایک عظیم رہنما کے طور پر یاد رکھیں گے، ہم ایران ان کی شہادت پر اپنی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے آئے ہیں، شہید لیڈر کے عزیزوں اور ہزاروں ایرانی بہن بھائیوں نے وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں جام شہادت نوش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ممالک ہیں، ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم ہر حال میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، میں پاکستانی عوام کی جانب سے ایرانی عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔
قبل ازیں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرڈاکٹر مسعود پزشکیان کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھئے: وزیر اعظم، فیلڈ مارشل اور پاکستانی وفد کی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت، خراج عقیدت پیش
وزیراعظم کے وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکومتی حکام شامل تھے۔
وزیراعظم نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور برادر عوامِ ایران کے ساتھ اس قومی سانحے پر مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور شہید رہنما کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی۔
سینیٹ چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد، ارکانِ پارلیمان، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی جنازے میں شرکت کی تھے۔



