لاہور(نیشنل ٹائمز)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آذربائیجان میں منعقدہ ورلڈ اربن فورم میں پاکستانی پویلین عالمی توجہ کا مرکز بنا رہا، جہاں وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ منصوبوں کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ۔’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘اور’’ستھرا پنجاب‘‘ جیسے منصوبوں کو بین الاقوامی مندوبین اور عالمی رہنماؤں نے بے حد سراہا ، مختلف ممالک ان ماڈلز میں دلچسپی لے رہے ہیں ، پنجاب نے گندم کی پیداوار کے تمام اہداف حاصل کر لئے ، گندم کے شعبے میں 100 بلین روپے کی تجارت ہوئی ۔’’تحفہ چور گروپ‘‘ کا لیڈر ساری زندگی دوسروں کے پیسوں پر عیاشی کرتا رہا، وہ آج مریم نواز پر تنقید کر رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پویلین کے افتتاح کے موقع پر ہال میں موجود بین الاقوامی مندوبین، میڈیا نمائندگان اور شرکاء نے تالیاں بجا کر وزیراعلیٰ پنجاب کو خراجِ تحسین پیش کیا،وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں’’مثالی گاؤں ‘‘پروگرام کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت پنجاب میں دو ہزار سے زائد ماڈل ویلجز قائم کیے جا رہے ہیں، 65 ہزار سے زائد گھر اس وقت زیرِ تعمیر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے باکو کے دورے سے واپسی کے بعد اپنی پہلی اہم میٹنگ گندم کی صورتحال اور زرعی معاملات کے حوالے سے طلب کی اورگندم کی ریکارڈ پیداوار پرحکام کو شاباش دی ۔ عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب میں گندم کا وافر ذخیرہ موجود،آٹے کی قیمت میں غیر ضروری اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا،مہنگائی کا دباؤ صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا میں موجود ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب کی دورہ کے د وران مختلف ممالک کے وزراء اور حکام سے اہم ملاقاتیں بھی ہوئیں، جلد پنجاب کا انفارمیشن اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ آذربائیجان کی متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرے گا ،بعض عناصر ملک میں انتشار اور نفرت کی سیاست کو فروغ دینا چاہتے ہیں ۔



