اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے سینئر سول سرونٹس کے وفد کا دفتر خارجہ آمد پر خیر مقدم کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بنگلہ دیشی وفد پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت تین ہفتوں پر مشتمل ایگزیکٹو پروگرام کے سلسلے میں پاکستان میں موجود ہے ۔ترجمان کے مطابق 53 برس بعد ہونے والا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی تبادلوں میں اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ، نالج کوریڈور کا آغاز اگست 2025 میں ڈھاکہ میں کیا گیا تھا، جبکہ پانچ برسوں میں 500 وظائف دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اب تک 74 بنگلہ دیشی طلبہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں مثبت پیش رفت اور دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔



