اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان نے نہ صرف عسکری میدان میں کامیابی حاصل کی بلکہ سفارتی اور بیانیہ کی سطح پر بھی مؤثر انداز میں اپنا موقف دنیا کے سامنے منوایا، جبکہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے زیر اہتمام معرکہ حق کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت ان کے لئے باعث اعزاز ہے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بیانیہ، سفارتی اور عسکری محاذ پر منفرد کامیابی عطا کی، جبکہ بھارت کے بڑے بڑے دعوے چند گھنٹوں میں ہی بے بنیاد ثابت ہو گئے اور اس کا غرور خاک میں مل گیا، پاک فضائیہ اور ایئر ڈیفنس سسٹم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور عالمی سطح پر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جبکہ دشمن کو چند گھنٹوں میں ہی پسپائی اختیار کرنا پڑی اور سیز فائر کے لیے خود رابطہ کرنا پڑا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس کامیابی میں وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت نے کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک بحریہ کی تیاری بھی قابل تحسین رہی۔
معرکہ حق:عسکری، سفارتی، بیانیہ محاذ پر کامیابی ملی :عطا تارڑ



