اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) پاکستان محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آئندہ دنوں کے دوران شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 7 سے 11 مئی کے دوران ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھ سکتا ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں 8 سے 10 مئی کے دوران گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فضا میں ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع بشمول دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، حیدرآباد، تربت اور پنجگور میں دن کے وقت درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
اسی طرح جنوبی پنجاب کے علاقوں جیسے ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، راجن پور، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن اور ساہیوال سمیت خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
بالائی علاقوں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی، جہاں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، اوکاڑہ اور قصور میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کراچی میں موسم شدید گرم رہنے کی توقع ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 10 مئی کی شام یا رات سے ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو 13 مئی تک برقرار رہ سکتا ہے۔ اس سسٹم کے باعث بالائی علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی متوقع ہے۔
ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر:
ماہرین نے ہیٹ ویو کے پیش نظر عوام، خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے، زیادہ سے زیادہ پانی پینے اور جسم میں پانی کی کمی سے بچنے کی تلقین کی گئی ہے۔
کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی حالات کے مطابق اپنی فصلوں کی دیکھ بھال کریں اور مویشیوں کا خاص خیال رکھیں۔ اس کے علاوہ پانی کے محتاط اور درست استعمال پر بھی زور دیا گیا ہے۔
نوٹ میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنائیں۔
7 سے 11 مئی تک ملک کے وسطی و جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کا امکان، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا



