اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق عباس عراقچی کی سربراہی میں ایرانی وفد پاکستان پہنچا، جہاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
حکام کے مطابق ان ملاقاتوں میں خطے کی موجودہ صورتحال، امن و استحکام اور جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ اپنے اس دورے کے بعد عباس عراقچی مسقط اور ماسکو کا بھی دورہ کریں گے۔
اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے دورۂ پاکستان، مسقط اور ماسکو کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پڑوسی ممالک ان کی خارجہ پالیسی میں اولین ترجیح رکھتے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ان دوروں کا مقصد شراکت دار ممالک کے ساتھ قریبی رابطہ اور علاقائی پیش رفت پر مشاورت کرنا ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ امن مذاکرات میں امریکی وفد بھی شریک ہوگا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ہفتے کی صبح مذاکرات کے لیے پاکستان روانہ ہوں گے۔



