وزیر خزانہ کی واشنگٹن میں اہم ملاقاتیں، تجارت و سرمایہ کاری میں فروغ پر اتفاق

واشنگٹن ڈی سی(نیشنل ٹائمز) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر اہم ملاقاتیں کیں جس میں معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال اور تجارت و سرمایہ کاری میں فروغ پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر آئی ایم ایف کے مشرق وسطیٰ و وسطی ایشیا ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جہاد اظہور اور پاکستان کیلئے آئی ایم ایف مشن ٹیم سے ملاقات کی، جس میں اصلاحات اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے سٹاف لیول معاہدے پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ جلد اس کی منظوری دے گا تاکہ پاکستان کے اصلاحاتی پروگرام کی رفتار برقرار رہے۔ملاقات کے دوران سینیٹر اورنگزیب نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے پاکستان کی معیشت پر اثرات سے آگاہ کیا اور اسے حالیہ دور کے بڑے سپلائی شاکس میں سے ایک قرار دیا۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اس بحران کے دوسرے اور تیسرے درجے کے اثرات، خاص طور پر معاشی نمو اور مہنگائی کے حوالے سے، مؤثر انداز میں نمٹ رہی ہے، انہوں نے یورو بانڈ کی کامیاب ادائیگی کا بھی ذکر کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت تمام آئندہ دوطرفہ اور کثیرالجہتی مالی ذمہ داریوں کو بروقت پورا کرے گی۔دونوں فریقین نے مالیاتی اور ساختی اصلاحات میں پیش رفت اور محصولات بڑھانے کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
امریکی تجارتی نمائندے سے اہم ملاقات
پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں جاری ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر امریکا کے تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر سے اہم ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وزیر خزانہ نے اس موقع پر پاکستان میں کاروبار دوست ماحول کے قیام، سرمایہ کاروں کیلئے سہولیات میں بہتری اور مارکیٹ تک رسائی بڑھانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا تاکہ پائیدار اقتصادی شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے۔بات چیت میں دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے، برآمدات کے لیے نئی منڈیوں تک رسائی، سرمایہ کاری کے بہاؤ میں آسانی اور تجارتی روابط کو مزید مؤثر بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔دونوں فریقین نے جاری تجارتی مذاکرات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مثبت پیش رفت قرار دیا اور باہمی اقتصادی تعاون میں بہتری کے رجحان کو سراہا، ملاقات میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک باہمی مفاد پر مبنی نتائج اور طویل مدتی اقتصادی ترقی کیلئے تعاون کو مزید وسعت دیتے رہیں گے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے اعلیٰ عہدیدار سے ملاقات
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی انڈر سیکرٹری برائے بین الاقوامی امور جوناتھن گرینسٹین سے بھی ملاقات کی، جس میں معاشی اصلاحات اور بیرونی شعبے پر تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ہونے والے سٹاف لیول معاہدے (SLA) پر روشنی ڈالی اور اصلاحاتی پروگرام کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 1.3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ کی ادائیگی کامیابی سے مکمل کی ہے اور حکومت آئندہ تمام بیرونی مالی ذمہ داریوں کو بروقت ادا کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔دونوں فریقین نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے معاشی اثرات پر بھی بات چیت کی، خاص طور پر ترسیلات زر اور پاکستان کے بیرونی شعبے پر اس کے اثرات پر غور کیا گیا، وزیر خزانہ نے امریکی حکام کو اس صورتحال کے براہ راست اور بالواسطہ اثرات سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنانے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور ایک مضبوط اور متنوع اقتصادی شراکت داری کے قیام پر اتفاق کیا، جو علاقائی استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف پر مبنی ہو۔
ماسٹرکارڈ کے اعلیٰ عہدیدار سے ملاقات
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر ماسٹرکارڈ کے چیف گلوبل افیئرز اینڈ پالیسی ٹکر فوٹ سے ملاقات کی، فریقین نے پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے، مالی شمولیت بڑھانے اور فِن ٹیک شعبے میں جدت کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں جانب سے پاکستان میں محفوظ، جامع اور جدید ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، ملاقات میں سائبر سکیورٹی، سرحد پار مالی لین دین اور ترسیلات زر سے متعلق امور بھی زیرِ غور آئے۔
گوگل کے نائب صدر سے ملاقات
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے گوگل کے نائب صدر اور گلوبل ہیڈ آف گورنمنٹ افیئرز اینڈ پبلک پالیسی کرن بھاٹیا سے بھی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان میں گوگل کے جاری اقدامات کو سراہا، خاص طور پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں تربیت اور استعداد بڑھانے کے پروگرامز کو اہم قرار دیا۔انہوں نے پاکستان میں گوگل کروم بکس کی مقامی تیاری کے آغاز اور جولائی 2026 میں پاکستان میں دفتر قائم کرنے کے فیصلے کو بھی خوش آئند قرار دیا۔دونوں فریقین نے حکومت پاکستان اور گوگل کے درمیان جاری اور مجوزہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا، جن کا مقصد مصنوعی ذہانت کے فروغ اور اسے معیشت کے اہم شعبوں، خصوصاً زراعت اور صنعت میں استعمال میں لانا ہے۔دونوں جانب سے پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کے وسیع تر ایجنڈے کے تحت باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔



  تازہ ترین   
مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئی، گیند اب ایران کے کورٹ میں ہے: جے ڈی وینس
یورپی یونین امریکہ کیساتھ تنازع کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے: ایرانی صدر
دنیا کو آبنائے ہرمز کی ضرورت، کسی ملک کو بلیک میل کرنے کی اجازت نہیں دینگے: ٹرمپ
جرمن چانسلر کا نیتن یاہو سے لبنان میں لڑائی ختم کرنے، مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ
امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی بہت کمزور ہے: چین
ناکہ بندی کے دوران مزاحمت ایران کیلئے دانشمندانہ اقدام ثابت نہیں ہوگا: امریکی وزیر جنگ
وزیر خزانہ کی واشنگٹن میں اہم ملاقاتیں، تجارت و سرمایہ کاری میں فروغ پر اتفاق
حزب اللہ نے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کی تجویز مسترد کر دی





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر