اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد پاکستان دنیا کی توجہ کا مرکز بن گیا، پاکستان کی میزبانی میں فریقین کے درمیان مذاکرات آج اور کل اسلام آباد میں ہوں گے۔ایران اور امریکا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات آج شروع ہوں گے اور ان مذاکرات کا اہم مرکزی مرحلہ ہفتے کو ہوگا، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، امریکی مذاکرات کار سٹیو وٹکوف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر پاکستان آئیں گے۔ایران کی نمائندگی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف کریں گے، اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کے مقام کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔اس دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی ملاقات ہوئی، محسن نقوی نے کہا امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پاکستان کے خصوصی مہمان ہوں گے، جبکہ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ بند کمروں میں حساس بات چیت ہوگی، ڈیل وہی کریں گے جو امریکا کے بہترین مفاد میں ہوگی۔
عالمی رہنماؤں کے وزیراعظم پاکستان سے ٹیلیفونک رابطے
وزیراعظم شہباز شریف کو امیر قطر، بحرین کے بادشاہ، لبنان کے وزیراعظم، آسٹریا کے چانسلر، جرمنی کے چانسلر اور اٹلی کی وزیراعظم نے ٹیلی فون کیا اور پاکستانی کردار کو سراہا۔عالمی رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں پر مبارکباد پیش کی جس کی بدولت ایران اور امریکا میں جنگ بندی ہوئی اور فریقین کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی۔
اسلام آباد دنیا کی توجہ کا مرکز، امریکا اور ایران میں مذاکرات کا آغاز آج ہوگا



