لندن (نیشنل ٹائمز) برطانوی وزیرِاعظم کیئر سٹارمر نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ اس ہفتے تقریباً 35 ممالک کا ایک اہم اجلاس بلائے گا ۔۔
جس میں تزویراتی اہمیت کے حامل آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے طریقوں پر غور کیا جائے گا، جو مشرق وسطیٰ کی جنگ کے باعث متاثر ہو چکی ہے ،اس اجلاس کی صدارت برطانوی وزیرخارجہ یوویٹ کوپرکریں گی ۔سٹارمر نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ کسی صورت برطانیہ مشرق وسطیٰ جنگ میں شامل نہیں ہوگا۔کیئر سٹارمر نے 10ڈاؤننگ سٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ اجلاس میں ایسے تمام سفارتی اور سیاسی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا جن کے ذریعے آزادانہ جہاز رانی بحال کی جا سکے ، پھنسے ہوئے جہازوں اور عملے کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے اور اہم اشیا کی ترسیل دوبارہ شروع کی جا سکے ۔ اس اجلاس کے بعد فوجی ماہرین کو بھی اکٹھا کیا جائے گا تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ لڑائی ختم ہونے کے بعد آبنائے ہرمز کو محفوظ اور قابلِ رسائی بنانے کیلئے کیا اقدامات کئے جا سکتے ہیں تاہم آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا آسان نہیں ہوگا۔سٹارمرنے ٹرمپ کی نیٹو پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ نیٹو دنیا کا سب سے مو ثر فوجی اتحاد ہے اور اس نے کئی دہائیوں تک ہمیں محفوظ رکھا ہے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ ایران جنگ کے اثرات ہمارے مستقبل کو متاثر کریں گے اس لئے ہم برطانیہ کو اس جنگ میں گھسیٹنے کی اجازت نہیں دیں گے ، ہم آنے والی نسلوں کو محفوظ ملک دینا چاہتے ہیں۔
آبنائے ہرمز بحالی،رواں ہفتے 35 ممالک کا اجلاس ہو گا:بر طانیہ



