لاہور (نیشنل ٹائمز)پنجاب میں پہلی مرتبہ پھلوں، سبزیوں اوردیگر اشیائے خوردونوش کے نرخ کم ترین سطح پر رہنے کاریکارڈقائم ہو گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب سہولت بازار اتھارٹی ٹیم کو مبارکباداور شاباش بھی دی، سہولت بازاروں میں 4کروڑ شہریوں نے 3 کروڑ 69لاکھ 30 ہزار کلو گرام اشیائے خورد ونوش خرید کا منفرد ریکارڈ قائم کیا۔ اوپن مارکیٹ سے 40فیصد تک کم نرخ پر سبزیوں، پھلوں اوراشیائے خورد و نوش فراہم کی گئیں ۔ عوام نے سہولت بازار وں میں خریداری کر کے ایک ماہ میں ایک ارب 10کروڑ روپے بچا لئے ۔ رمضان میں ڈی سی ریٹ سے 18فیصد تک کم نرخ پرخریداری سے عوام کو73 کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔ سہولت بازاروں میں رمضان المبارک کے دوران عوام کوسستی اور معیاری اشیا کی فراہمی کاہدف کامیابی سے مکمل ہوا ہے۔پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں 49سہولت بازار، 20سہولت آن دی گو اور11عارضی بازار وں سمیت 80 بازار عوام کی سہولت کے لئے قائم کئے گئے ، 40لاکھ سے زائد خریداروں کی آمد ایک ریکارڈہے ۔ رمضا ن کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر کم نرخ پر 29لاکھ 30ہزار کلو گرام آٹا فروخت ہوا ، آٹے کے نرخ میں ڈی سی ریٹ سے 7اعشاریہ 2 فیصد تک رعایت ،ایک ماہ میں آٹے کی خریداری پر عوام کو 18 کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔ اوپن مارکیٹ کے تناسب سے آٹے کے نرخ میں13اعشاریہ 5فیصد تک کمی ہوئی۔ اوپن مارکیٹ کے تناسب سے عوام کو آٹے کی خریداری پر ساڑھے 32کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔ سہولت بازار وں میں 886 راشن کارڈ اور 3778 نگہبان رمضان کارڈ بھی خریداری کے لئے استعمال ہوئے ۔ سہولت بازاروں میں 125کیش لیس سنٹر بھی قائم کئے گئے ۔ ٰمریم نوازکی ہدایت پر سہولت بازاروں میں اشیائے خورد و نوش کے معیار اور بہتر نرخ کے لئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور وزٹ بھی کئے گئے ، پہلی مرتبہ اشیائے خورد ونوش کی خریداری میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے خریداروں سے ڈائریکٹ فیڈبیک کا سسٹم بھی نافذ کیا گیا۔ وزیراعلی ٰنے چیئرمین پی ایس بی اے افضل کھوکھر اوران کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ، مریم نواز نے کہاکہ دن رات محنت کر کے عوام کو سستے ترین نرخ پر پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیائے خورد و نوش کی فراہمی یقینی بنانے پر پی ایس بی اے ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔سہولت بازار کے موثرمیکانزم کے زیر اثر اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کاتناسب بہت کم رہا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازنے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ آج کے دن برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔ قرارداد پاکستان علیحدہ وطن کے حصول کیلئے آزادی کی جدوجہد میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ۔ مریم نواز نے کہاکہ یوم پاکستان ہی تحریک پاکستان کا نا قابل فراموش اور تاریخی سفر کا آغاز ہے ۔ اتحاد،تنظیم،محنت اور دیانت ہی ترقی کے لئے رخت سفر ہے ۔ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیاں متقاضی ہیں کہ ہم آزادی کے حقیقی مقاصدکی طرف پیش رفت کریں۔
سہولت بازاروں کے باعث مہنگائی کا تناسب بہت کم رہا : مریم نواز



