واشنگٹن (نیشنل ٹائمز) امریکی محکمہ خارجہ نے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے عسکری ونگ “مجید بریگیڈ” کو باقاعدہ طور پر غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے کر اسے خصوصی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ بی ایل اے اور اس کا ذیلی گروپ مجید بریگیڈ متعدد مہلک دہشت گرد حملوں میں ملوث رہے ہیں، جن میں عام شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔ محکمے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، 2025 میں جعفر ایکسپریس کی ہائی جیکنگ کے دوران 31 افراد، جن میں شہری اور سیکیورٹی اہلکار شامل تھے، جاں بحق ہوئے جبکہ 300 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنایا گیا۔ بی ایل اے نے 2024 میں کراچی ایئرپورٹ کے قریب اور گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر ہونے والے خودکش حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔ یاد رہے کہ فتنہ الہندوستان (بی ایل اے) کو پہلے ہی 2019 میں کئی خونریز حملوں کے بعد دہشت گرد تنظیم قرار دیا جا چکا ہے۔ اس کے بعد سے اس نے مجید بریگیڈ کے ذریعے اپنی کارروائیاں مزید تیز کیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام “دہشت گردی کے خلاف امریکی عزم” کی ایک اور مثال ہے، اور اس کا مقصد ان تنظیموں کی مالی اور لاجسٹک معاونت کا خاتمہ ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ نے دہشت گرد نیٹ ورکس کو توڑنے اور ان کی مالی معاونت روکنے کے لیے عالمی سطح پر پابندیاں سخت کر دی ہیں۔




