راولپنڈی (نیشنل ٹائمز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا ہے کہ بھارت نے پاکستان میں 3 ائیر بیسز پر میزائل داغے،ائیر ڈیفنس سسٹم نے بھارت کے میزائل حملوں کو ناکام بنا دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے رات گئے پریس بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے طیاروں سے نورخان ایئربیس، مرید بیس اور شورکوٹ کو نشانہ بنایا، بھارت نے فضا سے زمین پر مار کرنےوالے میزائل داغے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کچھ بھارتی میزائل ائیربیسز پر گرے لیکن نقصان نہیں ہوا، زیادہ تر بھارتی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا، پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ائیرڈیفنس سسٹم نے بھارت کے میزائل حملوں کو ناکام بنایا، پاکستان کے پاس میزائل حملوں کے الیکٹرونک شواہد موجود ہیں۔بھارت ہمارے جواب کا انتظار کرو۔
ڈی جی آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ افغانستان پر بھی بھارت نے میزائل داغے ہیں، بھارت پورے خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت اپنی مکاری سے پورےخطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہاہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کی بڑھتی جارحیت اور بزدلانہ حملوں کو ناکام بنایا جارہا ہے، پاک فوج ہمہ وقت وطن کے دفاع کے لیے تیار ہے، اپنے عوام کی حفاظت کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے، بھارت کو بتانا چاہتا ہوں کہ تمہاری فرسٹریشن کو ہم جلد ہی مزید کمپاؤنڈ کریں گے۔ پاکستانی قوم بھارت کی مکاری اور جارحیت سے مرعوب ہونے والی نہیں۔
بھارت کی جانب سے پاکستان کی ائیربیسز پر میزائلل حملوں کے بعد پاکستان کی فضائی حدود ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند کر دی گئی۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی پاکستان کی فضائی حدود آج صبح 3:15 سے دوپہر 12:00 بجے تک ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند رہے گی۔
اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا تھا کہ بھارت نے اپنے ہی ملک میں 6 بیلسٹک میزائل گرا دیے ہیں، بھارت اپنے ہی ملک میں سکھوں کی آبادیوں کو ٹارگٹ کر رہا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ بھارت نے آدم پور سے 6 بیلسٹک میزائل فائر کیے جس میں 5 میزائل بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں اور ایک آدم پور میں ہی گرا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کی حرکت بہت حیران کن ہے،بھارت کی اندرونی سازشوں کا شکار اقلیتی ہورہے ہیں، ہماری ساری ہمدردی سکھوں کے ساتھ ہے



