اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ن لیگ سے صرف بجٹ کا معاملہ نہیں، پہلے بھی کہا تھا کہ ہمیں پنجاب میں اسپیس چاہیے۔تفصیل کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہوگیا۔ مذاکرات کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بات چیت ہوئی ہے لیکن ایک نشست میں بات مکمل نہیں ہوسکتی، ایسے بھی کچھ ایشو ہیں جن کا تعلق وزیراعظم سے ہے، کچھ ایشو ایسے ہیں جن کا تعلق وزیراعلی سے ہے۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں جو تحریری معاملات طے ہوئے ہیں وہ پورے ہوجائیں، جو بجٹ بن رہا ہے اس پر پیپلز پارٹی کی رائے لی جائے، صرف بجٹ کا معاملہ نہیں، پہلے بھی کہا تھا ہمیں پنجاب میں اسپیس چاہیے،کچھ نکات پر عمل ہوگیا ہے کچھ پر رہ گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ن لیگ اورپیپلزپارٹی کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور میں کچھ اہم نکات پر پیشرفت ہوئی ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے پی پی کے کچھ مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق باقی مطالبات پر پارٹی قیادت کے مشاورت کے بعد بات کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے ۔حکومتی وفد وزیر اعظم شہباز شریف کو بریفنگ دے گاجبکہ پیپلزپارٹی کا وفدچیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پیشرفت سے متعلق آگاہ کرے گا۔پارٹی قیادت سے مشاور ت کے بعد اگلے دور کے لئے وقت طے ہوگا ۔تیسرے دور پر وقت جلد طے کیا جائے گا۔
ن لیگ سے صرف بجٹ کا معاملہ نہیں، ہمیں پنجاب میں اسپیس چاہیے: یوسف رضا گیلانی



