ہمدم دیرینہ چوہدری صداقت علی مرحوم ایڈووکیٹ کی یاد میں

عابد حسین قریشی

برادرِ محترم میاں محمّد آصف ریٹائرڈ ایڈیشنل آئی۔جی پولیس نے جس خوبصورت اور دلکش انداز میں ہمارے مشترکہ ہمدم دیرینہ صداقت علی ایڈووکیٹ سابق MPA ڈسکہ کو اُنکی وفات پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اس میں شاید کچھ بھی اضافہ ممکن نہیں کہ میاں صاحب کے ہر لفظ سے نہ صرف چوہدری صداقت کی پُر بہار اور ہمہ گیر شخصیت کی جھلک نمایاں ہے بلکہ مرحوم کے ساتھ ہماری دلی وارفتگی، قلبی تعلق اور تقریباً 42 سالوں پر محیط ایک پرُ خلوص دوستی ڈھلک اور چھلک رہی ہے۔ کل رات جب یہ افسوس ناک خبر سنی دل پر ایک گہری چوٹ لگی۔ نمناک آنکھوں کے ساتھ چوہدری صداقت مرحوم کے ساتھ گزرے وقت کی سحر انگیز یادیں قطار اندر قطار اُتر رہی ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی اولڈ کیمپس 1978 لاء کالج ہاسٹل، مال روڈ، انارکلی اور نجانے کہاں کہاں اور پھر اگلے سال نیو کیمپس منتقلی اور شام کو نہر کے کنارے مٹر گشت اور چوہدری صداقت کے ساتھ تو بات بات پر فلک شگاف قہقہے۔ ہاسٹل کا میس، A سیکشن کا کلاس روم۔ چوہدری صداقت اُن دنوں لیفٹ کی سیاست کا خوگر اور واضح نظریات رکھنے والا طالب علم پھر جب عملی سیاست میں آیا تو اپنی خاندانی شرافت و نجابت اور اپنی ذاتی بے غرضی اور دیانت کے باعث میدان سیاست میں چند ہی سالوں میں چھا گیا۔ وہ کوئی بھی الیکشن نہیں ہار رہا تھا۔ ڈسکہ بار کی صدارت سے لے کر میونسپل کمیٹی ڈسکہ کی چیئرمینی اور پھر MPA مگر جوں جوں اُسے زیادہ عزت ملتی گئی اُسکے اندر عاجزی و انکساری بڑھتی چلی گئی۔ میں نے اپنی زندگی میں بہت کم ایسے انسان دیکھے ہیں جو اپنی ذات کی مکمل نفی پر یقین رکھتے ہیں۔ چوہدری صداقت اُن میں سرِ فہرست تھا۔ نہ انا، نہ رعونت، نہ تکبّر اور نہ غرور۔ جب بھی ملتا ایک عجیب وارفتگی کے ساتھ بغل گیر ہوتا۔ میرے ہر جملہ کو انجوائے کرتا اور بلند آہنگ قہقہہ لگاتا۔ ہر طرح کے تفاخر و تکاثر سے کوسوں دور اور مرقّع ملاعبت و ملاطفت چوہدری صداقت وضع داری اور دیانت کی سیاست کی چند آخری کڑیوں میں ایک تھا۔ پچھلے چند سالوں سے پے در پے بیماری کے حملوں نے اسے جسمانی طور پر تو نحیف و نزار کر دیا تھا مگر اُسکی خوبصورت اور ملنسار طبیعت اور روایتی شگفتگی کو ماند نہ کر سکی۔ لاء کالج سے فراغت کے بعد عملی زندگی میں آنے کے بعد میں، میاں آصف اور چوہدری صداقت جب بھی اکٹھے ہوتے تو میری اور میاں آصف کی جملہ بازی پر چوہدری صداقت کے بلند آہنگ قہقہے دیر تک فضاؤں میں گونجتے رہتے اور دیگر حاضرین مجلس بھی اس سے محظوظ ہوتے۔ سال میں ایک دو مرتبہ سارے پرانے دوستوں اور کلاس فیلوز کو بڑے فراخ دلانہ انداز میں وہ اکٹھا کر کے خوشی محسوس کرتا۔

آخری ملاقات آج سے تقریباً دو ماہ قبل اُسکے گھر میں ہوئی۔ دماغ کے ایک بڑے آپریشن سے تازہ تازہ صحت یاب ہوا تھا۔ کہنے لگا عابد قریشی میرا زندہ بچ جانا ایک معجزہ ہے۔ میں نے اپنی کتاب عدل بیتی پیش کی۔ مجھے نقاہت کے باوجود گاڑی تک چھوڑنے آیا۔ پندرہ روز بعد فون پر بات ہوئی عدل بیتی کی جن الفاظ میں اُس نے تعریف کی اُسکا ذکر خود ستائشی کے زمرہ میں آئے گا۔ بس اتنا کافی ہے کہ یار آپ نے تو پرانے دوستوں کا ذکر اور پرانی باتیں اس خوبصورت انداز میں کی ہیں کہ کیا کیا کچھ یاد نہیں کروایا اور اسی طرح لکھتے رہا کرو۔ میں نے شکریہ ادا کیا۔ طبیعت کا حال پوچھا بڑی سپرٹ میں نظر آ رہا تھا۔ مگر یہ خبر نہ تھی کہ یہ ہماری آخری گفتگو ہے کہ جلد ہی یہ خوبصورت روایات کا امین اور ایک قابل بھروسہ دوست موت کی آغوش میں چلا جائے گا۔ دوستی کا رشتہ بڑا خوبصورت، نازک مگر معنی خیز اور demanding ہے۔ دوستوں کی کامیابیوں پر رشک کرنا، جشن منانا۔ دوستوں سے حسد نہ کرنے کی بجائے اُن کی کامیابیوں پر مسرّت کا اظہار کرنا اور اپنے دوستوں پر فخر کرنا یہ بہت کم لوگوں کے حصّہ میں آتا ہے۔ چوہدری صداقت مرحوم اس میدان میں ہم سب سے آگے تھے اور موت کے سفر میں بھی آگے نکل گیا۔ اللہ تعالٰی اُسکے درجات بلند کرے۔ ہمیں وہ غم کا ایک مستقل چرکہ لگا گیا۔

مقدور ہو تو خاک سے پوچھوں کہ اے لئیم
تو نے وہ گنج ہائے گراں مایہ کیا کیے

 



  تازہ ترین   
سہیل آفریدی جس دن پرامن احتجاج پر آئیں گے تب عمران سے ملاقات ہو گی: رانا ثنا اللہ
ترلائی امام بارگاہ کے واقعے سے پوری قوم سوگوار ہے: وزیراعظم
ڈی آئی خان : دہشت گردوں سے مقابلے میں ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار شہید
300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین پر بھی فکسڈ چارجز عائد
وزیراعظم کا نیپرا کے سولر سے متعلق نئے ریگولیشنز کے اجراء کا نوٹس
پاک فوج کے بارے میں محمود خان اچکزئی کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے: خواجہ آصف
بلوچستان میں امن و امان اور استحکام پورے پاکستان کی ترجیح ہے: مریم نواز
سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) سردار اختر مینگل کا استعفیٰ منظور





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر