واشنگٹن(نیشنل ٹائمز) امریکی صدر جو بائیڈن اپنے افغان ہم منصب اشرف غنی اور افغانستان کی اعلی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کے ساتھ 25 جون کو وائٹ ہائوس میں ملاقات کریں گے۔ یہ بات وائٹ ہائوس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہی گئی ہے۔ پیر کو غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب طالبان کی مہم میں شدت آچکی ہے جب کہ صدر جو بائیڈن ستمبر تک افغانستان سے امریکی افواج کے مکمل انخلا کا اعلان کر چکے ہیں۔وائٹ ہائوس کے مطابق افغان صدر اشرف غنی اور ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان د یرپا روابط و شراکت پر غور کرے گا۔جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن افغان عوام کی سفارتی، معاشی اور فلاحی مدد کرتا رہے گا۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ امریکہ افغان حکومت کے ساتھ رابطے میں رہے گا تا کہ افغانستان دوبارہ دہشت گرد گروہوں کی محفوظ پناہ گاہ نہ بن سکے جو امریکہ کے لیے خطرہ ہوں،امریکہ کی جانب سے فوج کا انخلا شروع ہونے اور اڈے خالی کرکے افغان حکومت کے سپرد کرنے کے بعد طالبان ملک میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی مہم شروع کیے ہوئے ہیں۔عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی انخلا کے اعلان کے بعد سے اب تک طالبان کم از کم 30 اضلاع پر قبضہ کر چکے ہیں۔
امریکی صدر افغان ہم منصب اشرف غنی اور چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے 25 جون کو ملاقات کریں گے



