راولپنڈی(نیشنل ٹائمز)پاکستان فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے جمعرات کو لاہور گیریژن کے دورے کے موقعے پر کہا کہ ’سازشی عناصر بےشرمی اور ڈھٹائی سے بیانیے کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور ریاست کو اس گھناؤنی کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی ذہنیت کی وجہ سے ہماری تاریخ کے اس سیاہ باب کے منصوبہ سازوں اور معماروں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ یا ڈیل نہیں کر سکتی۔‘
پاکستان فوج کے ترجمان محکمے آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں بتایا کہ جنرل عاصم منیر نے آج یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے ڈیجیٹل ٹیریزم کر رہے ہیں اور مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان فوج کا ہر سپاہی اور افسر ’کسی بھی دوسری وابستگی یا ترجیحات سے قطع نظر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اولیت دیتا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہا ہے۔‘
بیان میں ان کے حوالے سے مزید کہا گیا: ’بلاشبہ نو مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن رہے گا جب دانستہ طور پر شرپسندوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا۔
’ان پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔‘
آرمی چیف کے مطابق: ’اب وہی سازشی عناصر ڈھٹائی سے بیانیے کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
’جنہوں نے تاریخ کا یہ سیاہ باب رقم کیا ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ’ وہ معصوم لوگ جو اِن مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد کو نہیں سمجھ سکے اِن کو منصوبہ سازوں نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا، اِن ورغلائے ہُوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا ہے۔‘
’تاہم اِس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنما جو خود کو معصوم ظاہر کرتے ہیں کو اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا خصوصاً جب اُن کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔‘
بیان کے مطابق جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ شہدا اور ان کے اہل خانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، نو مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس حوالے سے آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو ہماری کمزور ی اور ہمارے صبر کو لا محدود نہ سمجھا جائے۔‘
بعد ازاں آرمی چیف نے لاہور گیریژن میں جناح لائبریری کا افتتاح بھی کیا۔



