اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کی تاریخ کے سیاہ ترین واقعہ سانحہ 9 مئی کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر افواج پاکستان اور شہدائے قوم کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ پاکستانی قوم کو اپنی افواج اور ملک کی خاطر ان کی دی گئی قربانیوں پر فخر ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری افواج کے شہدا نے ملک کی بقا اور ملک سے دہشتگری کے خلاف جنگ میں جو لازوال قربانیاں پیش کی ہیں انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ شہدا زندہ قوموں کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ 9 مئی کی ایک سال مکمل ہونے پر اپنے جاری بیان میں کیا۔ سپیکر نے کہا کہ 9 مئی 2023 کو جو کچھ ہوا اس پر پوری قوم آج بھی رنجیدہ ہے۔ ناعاقبت اندیش اور گمراہ افراد کی بدولت شرانگیز واقعات، توڑ پھوڑ اور جناح ہاس سمیت اہم فوجی تنصیبات پر حملہ ملک اور قوم کی ناموس پر بدنما داغ ہے۔ کسی بھی مہذب معاشرے میں اس قسم کی شرپسند کارروائیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔9 مئی کو جناح ہاس ، فوجی تنصیبات اور ریاستی اداروں پر سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حملہ کیا گیا اور ملکی وقار کو پامال کرنے کی گھنانی کوشش کی گئی – اسپیکر قومی اسمبلی نے خاص طور پر پاک افواج کے شہدا اور ان سے وابستہ یادگاروں کی بے حرمتی اور توہین کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ شہدا کے ورثا سے اظہار تاسف کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ پوری قوم شہدا کے ورثا سے شرمسار ہے اور انہیں یقین دلاتی ہے کہ ایسے بہیمانہ حملہ آوروں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ اسپیکر نے مزید کہا کہ9 مئی جیسے اقدامات نے شہدا کے اہلخانہ کے زخم کو دوبارہ سے تازہ کیا ہے جو کسی صورت مندمل نہیں ہو سکتے۔سپیکر نے کہا کہ ملک کی خاطر جانوں کی قربانی دینے والے شہدا کے مزارات کی بے حرمتی کرنا نہایت شرمناک فعل تھا۔شر پسند عناصر جو ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کی کاروائیوں میں ملوث ہیں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ قوم گواہ ہے کہ ان عناصر نے اس سے پہلے بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کو پستی کے گرداب میں پھنسانے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ قوم کا بچہ بچہ اپنی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، اور ملک پر جب بھی کڑا وقت آیا تو پوری قوم اپنی پاک افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہو گی۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر سید میر غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ آج کا دن ملک کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب پاک افواج کے شہدا کی توہین، ان کی یادگاروں کو مسمار کیا گیا اور ملک کی تاریخی عمارت جناح ہاس کو نقصان پہنچایا گیا۔ 9 مئی میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچانے اور انہیں نشان عبرت بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج کی ملک کی خاطر دی گئی قربانیوں کو ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا سانحہ 9مئی کا سال مکمل ہونے پر مسلح افواج سے یکجہتی کا اظہار



