کراچی(نیشنل ٹائمز ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کچے کے ڈاکوئوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچے میں جو بھی اغوا میں ملوث ہیں اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، زمینوں پر قبضوں پر میری زیرو ٹالرنس ہے، سندھ حکومت کو وفاق سے جو بھی اسلحہ اور دیگر سہولیات چاہئیں وہ مہیا کروائیں گے،امن امان کی بحالی میں ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چلیں گے، چینی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں۔تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت بدھ کے روز کراچی میں امن و امان کی صو رتحال سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ سمیت انٹیلی جنس حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں کراچی کے حالات بالخصوص سندھ بھر میں کچے کے ڈاکوئوں کا معاملہ زیر بحث لایا گیاصدر مملکت نے وزیراعلی سندھ کو ہدایت کی کہ پولیس افسران کو ٹینیور دے کر ان سے بھر پور کام لیں، پولیس افسران کو اس صورت تبدیل کریں جب وہ امن امان کی صورتحال میں ناکام ہوں۔صدر مملکت نے وزیر اعلی سندھ کو واضح احکامات دئیے کہ زمینوں پر قبضوں پر میری زیرو ٹالرنس ہے، میں کسی صورت زمینوں پر قبضے کی اجازت نہیں دوں گا، انہوں نے چینی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے بھی خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت کو وفاق سے جو بھی اسلحہ اور دیگر سہولیات چاہئیں وہ مہیا کروائیں گے، صدر نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت دی کہ وہ سندھ حکومت کو اسلحہ اور دیگر سہولیات کیلئے ضروری اپرولز کروائیں۔اس مو قع پر سینئر صوبائی وزیر برائے ایکسائیز اینڈ نارکوٹکس شرجیل میمن نے صدر مملکت کو منشیات کے حوالے سے آپریشن پر بریفنگ دی۔دریں اثنا صدر مملکت آصف زرداری سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد نے کنوینر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ملاقات کی۔ ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفی کمال اور دیگر شریک تھے۔ ترجمان وزیراعلی ہاس کے مطابق ایم کیوایم وفد نے آصف علی زرداری کو دوبارہ صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارکباد دی جبکہ صدرمملکت نے مبارکباد دینے پر ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کیا۔ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق وفد نے صدر مملکت آصف زرداری سے کراچی میں امن وامان سے متعلق بات چیت کی۔ وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے امن و امان کے اجلاس کے فیصلے کو سراہا، انکا کہنا تھا کہ صدر مملکت کراچی میں اجلاس کرے گا تو عوام میں اعتما بڑھے گا۔اس موقع پر آصف علی زرداری کا کہناتھاکہ سندھ میں امن امان سے متعلق وزیراعلی ہاس میں اجلاس کرنے آئے ہیں، امن امان کی بحالی میں ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ایم کیو ایم وفد نے صدر مملکت آصف زرداری کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
صدر مملکت کا کچے کے ڈاکوئوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم



