اسلام آباد (نیشنل ٹائمز )صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل سیلچک بیراکتراگلو کو نشان امتیاز (ملٹری) کے اعزازسے نواز ا ہے ،یہ ایوارڈ پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے انکی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب کے بعد ترک بری افواج کے کمانڈر نے صدر مملکت سے ملاقات کی، ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی، دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کا پاکستان اور ترکیہ کے باہمی مفاد میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا، صدر مملکت کا اس موقع پر کہناتھا کہ پا کستان ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر کرتا ہے، ترکیہ نے ہمیشہ بنیادی مسائل پر پاکستان کی حمایت کی ہے۔صدر آصف زرداری نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان متعدد منصوبوں پر تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے عوام کو مزید قریب لانے کیلئے عوامی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر کرتا ہے۔ ترکیے نے ہمیشہ بنیادی مسائل پر پاکستان کی حمایت کی ہے۔ ترکیہ کے ساتھ زراعت، تعلیم، فن اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون فروغ دینا ہوگا، صدر رجب طیب اردگان پاکستان کے سچے اور مخلص دوست ہیں، ترک صدر نے میرے انتخاب اور رمضان المبارک کے آغاز پر ٹیلی فونک کال کی۔صدر مملکت نے کہا کہ ترک صدر کا دو مرتبہ ٹیلی فونک رابطہ پاک ترک تعلقات کو وسعت دینے کے ان کے عزم کا اظہار ہے، ترک بری افواج کے کمانڈر نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون مزید بہتر بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ترک کمانڈر کا کہناتھا کہ دونوں ممالک علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں، صدر مملکت نے ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر کو نشان امتیاز (ملٹری) ملنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ امید ہے کہ کمانڈر دونوں ممالک میں تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔
ترک بری افواج کے کمانڈر کو نشان امتیاز (ملٹری) کے اعزاز سے نوازدیا گیا



