بغداد(نیشنل ٹائمز)عراقی ہم منصب کی دعوت پر ،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، عراق کا تین روزہ دورہ مکمل کر کے واپس وطن روانہ ہو گئے ۔بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان میں تعینات عراقی سفیر حامد لفطہ، عراق کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر احمد امجد علی اور عراقی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔وزیر خارجہ نے اس مختصر دورہ ء عراق کے دوران عراقی ہم منصب فواد حسین کے ساتھ ملاقات کی۔ملاقات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ،وزیر خارجہ نے عراقی صدر برہام صالح اور وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی کے ساتھ ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے پاکستانی قیادت کے عزم سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ، عراقی وزیر داخلہ،وزیر دفاع اور گورنر کربلا سے بھی ملے ۔وزیر خارجہ نے، ان ملاقاتوں میں تعلیم، صحت، توانائی،، انفراسٹرکچر کی تعمیر،دو طرفہ سیاسی مشاورتی میکنزم کی تشکیل سمیت، باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے عراقی قیادت کو، ہر سال “زیارات کیلئے عراق آنے والے دو لاکھ سے زائد پاکستانی زائرین” کی مشکلات کے ازالے اور انہیں ممکنہ سہولیات کی فراہمی کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے اقدامات بالخصوص “زائرین مینجمنٹ پالیسی” سے آگاہ کیا۔ عراقی قیادت کے ساتھ دو طرفہ تجارتی، اقتصادی، سیاسی و دفاعی تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئیان دو طرفہ ملاقاتوں میں مقبوضہ جموں و کشمیر ،فلسطین اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ ء خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے بغداد، نجف اور کربلا میں زیارات مقدسہ پر حاضری کا شرف حاصل کیا اور اتحاد امہ، پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور کرونا وبا سمیت آفات و بلیات سے خلاصی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں ۔وزیر خارجہ کا یہ دورہ ء عراق ،وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں مسلم ممالک کے ساتھ اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کی ایک کڑی ہے توقع ہے کہ وزیر خارجہ کے اس دورہ ء عراق سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
عراقی ہم منصب کی دعوت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی عراق کا تین روزہ دورہ مکمل کر کے واپس وطن روانہ



