اسلام آبا(نیشنل ٹائمز) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے کرونا وباء کے باعث التوا کے شکار بی اے(ایسوسی ایٹ ڈگری)پروگراموں کے امتحانات کی نئی پالیسی کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق طلبہ کے” سمسٹر ٹرمینل امتحان”کے پیپرز 5جون 2021ء کو یونیورسٹی ویب سائٹ پر رولنمبر سلپ والی آپشن میں اپلوڈ کئے جائیں گے۔تمام طلبہ کو رول نمبر سلپ بذریعہ ڈاک ارسال کی جائے گی جس میں طالب علم کے متعلقہ کورسز کی تفصیل، حل شدہ پیپر، متعلقہ ٹیوٹر کو بھجوانے کی آخری تاریخ اور ٹیوٹر کے ایڈریس سے متعلق تفصیل درج ہوگی۔رول نمبر سلپ ڈاک میں نہ ملنے کی صورت میں یونیورسٹی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ بھی کی جاسکے گی۔جوابات لکھنے میں غیر متعلقہ، چوری شدہ، کسی کتاب یا دوسرے میڈیا سے کاپی شدہ مواد مسترد تصور ہوگا اور چربہ سازی اور نقل کا کیس بنایا جائے گا۔ہر کورس کوڈ کا پیپر کل 3سوالات پر مشتمل ہوگا۔ تمام سوالات حل کرنے لازمی ہونگے۔ ایک سوال کا جواب 600سے 800الفاظ تک لکھ سکتے ہیں، 800الفاظ سے رائد ہونے کی صورت میں اُس سوال کی نیگیٹو مارکنگ ہوگی۔طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ و ہ پرچہ جات کو حل کرنے کے بعد اسے اپنے متعلقہ ٹیوٹر کو رجسٹرڈ پوسٹ کردیں اور رسید اپنے پاس سنبھال کررکھیں۔ طلبہ کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جوابی کاپیاں اپنی لکھائی میں لکھیں اور ہر حل شدہ صفحہ پر اپنا نام اور رولنمبر لازمی درج کریں اور دستخط کریں۔طلبہ کے جوابات جمع شدہ اسائنمنٹس کے ساتھ ٹیلی کی جائے گی۔ ٹیلی نہ ہونے کی صورت میں نقل کیس بنایا جائے گا اور طالب علم کو فیل قرار دیا جائے گا اور اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔طلبہ کو ہر کورس کوڈ کی جوابی کاپی بھجوانے کے لئے الگ لفافہ استعمال کرنا ہوگا۔جوابی کاپیاں بذریعہ رجسٹری / مستند کورئیر سروس کے ذریعے ہی بھجوائی جائیں، اس کے علاوہ بھجوائی گئی جوابی کاپیاں قابل قبول نہ ہونگی۔بی اے پروگرام کے لئے صرف ہاتھ سے لکھے گئے جوابات قابل قبول ہونگے۔ ٹائپ شدہ اور مختلف لکھائی والی جوابی کاپیاں مسترد کردی جائیں گی۔جوابی کاپیاں متعلقہ ٹیوٹر کو 20۔جون 2021ء سے پہلے موصول ہوجانی چاہیے، بصورت دیگر طالب علم کو غیر حاضر تصور کیا جائے گا جسکی تمام تر ذمہ داری طالب علم پر ہوگی۔ہر کورس کوڈ کی جوابی کاپیوں کے آخر میں بیان حلفی ہے جسے طلبہ لازمی پر کریں اور جوابی کاپیوں کے ساتھ منسلک کردیں۔یاد رہے کہ کورس کوڈ 473, 456,451,411,405, 402کے پیپرز پہلے ہی منعقد ہوچکے ہیں، ان کورسز کا سمسٹر ٹرمینل امتحان نہیں ہوگا۔
اوپن یونیورسٹی: بی اے (ایسوسی ایٹ ڈگری) پروگرامز کے امتحانات کی نئی پالیسی کا اعلان



