نیویارک(نیشنل ٹائمز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ ہیڈکوارٹر نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس کے ساتھ ملاقات ہوئی۔وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو نہتے فلسطینیوں پر ، طاقت کے بے رحمانہ استعمال اور معصوم فلسطینی شہریوں ، عورتوں اور بچوں کی شہادتوں پر گہری تشویش سے آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے بتایا کہ فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے منظم اور بے دریغ استعمال کے نتیجے میں 250 سے زائد فلسطینی. شہید ہو چکے ہیں ۔جبکہ زخمیوں کی تعداد ہزاروں میں بتائی جا رہی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ میرے اس دورے کا مقصد جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے ذریعے ، نہتے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنا اور عالمی برادری کی توجہ انسانی حقوق کی پامالیوں کی جانب مبذول کروانا ہے۔پاکستان، فلسطینیوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے ۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے “سیز فائر” کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے، توقع ظاہر کی کہ اس اعلان سے مسئلہ فلسطین کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے میں مدد ملے گی ۔وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، کشمیری راہنماؤں کی غیر قانونی نظر بندیوں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات سے آگاہ کیا ۔جنوبی ایشیا میں مستقل قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل ناگزیر ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2003 کے” جنگ بندی معاہدے” کی پاسداری پر اتفاق رائے خوش آئند ہے ۔پاکستان ہمیشہ سے ہمسایوں کے ساتھ پر امن تعلقات کاحامی رہا ہے۔مذاکرات کیلئے ماحول کو سازگار بنانے کی ذمہ داری ہندوستان پر عائد ہوتی ہے۔وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے ذریعے، مسئلہ کشمیر کے پرامن اور دیرپا حل کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔کہاکہ ہمیں توقع ہے کہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے اور افغان مسئلے کے پرامن حل کیلئے، تمام فریقین، مل بیٹھ کر، جامع سیاسی مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گے ۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے، اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں کی جانب سے موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔مظلوم فلسطینیوں پر جاری منظم اور بہیمانہ مظالم کی روک تھام اور عالمی برادری کی توجہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کروانے کیلئے اہم سفارتی مشن پر نیویارک میں موجود ہیں۔
وزیر خارجہ کی اقوام متحدہ ہیڈکوارٹر نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس کے ساتھ ملاقات



