اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا پارٹی ڈسپلن کے حوالے سے اہم بیان سامنے آگیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام اراکین، پارٹی ڈسپلن کے پابند ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے تحفظات کا اظہار کرنے والے اراکین کو دعوت دی۔ ان کی گفتگو سنی اور انہیں انصاف کی یقین دہانی کرائی ۔پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کی رکنیت متاثر ہو سکتی ہے ۔امید ہے وہ ایسا نہیں کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعتماد کے ووٹ اور فنانس بل پر کوئی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کر سکتا ۔ اگر عمران خان کو آپ اپنا لیڈر تسلیم کرتے ہیں تو ان پر اعتماد کریں۔علی ظفر صاحب نے ابھی اپنی رپورٹ وزیر اعظم عمران خان صاحب کو پیش نہیں کی ۔وزیر اعظم نے ان کے کہنے پر علی ظفر کو ذمہ داریاں تفویض کیں۔ان کی خواہش تھی کہ تحقیقات کیلئے ان کی پسندیدہ شخصیت کو نامزد کیا جائے۔ اگر آپ عمران خان پر اعتماد نہیں رکھتے تو آپ کے پاس تحریک انصاف میں رہنے کی گنجائش نہیں رہتی۔ عمران خان پارٹی کے بانی چیئرمین ہیں ۔عمران خان اور ان کے ووٹرز نہ ہوتے تو یہ صاحبان بھی آج اسمبلیوں میں نہ ہوتے۔عمران خان کو لیڈر مانتے ہیں تو پھر ان کے فیصلوں پر آمادگی کا اظہار کرنا چاہیے ۔
ہمارے تمام اراکین اسمبلی پارٹی ڈسپلن کے پابند ہیں،ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنیوالوں کی رکنیت متاثر ہو سکتی ہے



