اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے جے یو آئی ترجمان کے این اے 249 کے حوالے سے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس ہوا کہ آج جمعیت علمائے اسلام مسلم لیگ(ن)کی بی ٹیم بن چکی ہے، مولانا فضل الرحمان جے یو آئی کو ن لیگ کی بی ٹیم بنانے سے پہلے مفتی محمود کی میراث کا ہی کچھ خیال کرلیتے، کیا میاں نواز شریف کی مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے بعد بیرون ملک روانگی اور پھر فوراً مارچ کا ختم ہونا اتفاق تھا؟ این اے 249 میں دھاندلی کے الزامات دراصل مریم نواز کی اپنی خفت مٹانے کی ایک کوشش ہے، مریم نواز کے مشیروں نے انہیں این اے 249 کے زمینی حقائق سے لاعلم رکھ کر آسمان کی بلندیوں پر پہنچادیا اور اب شکست ہضم نہیں ہورہی، آج پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف ن لیگ، پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام ایک پیج پر ہیں،ن لیگ اور جے یو آئی حکومت کی مخالفت بھول کر بھٹوازم کی مخالفت کرنا شروع کرچکے ہیں، مولانا فضل الرحمان غور کریں کہ اپوزیشن کی اپوزیشن کرنے کا فائدہ آخر کس کو ہوگا؟
افسوس ہے جے یو آئی ن لیگ کی بی ٹیم بن چکی ہے، پیپلز پارٹی



