فیصل آباد (نیشنل ٹائمز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عابد شیر علی ضمنی انتخاب میں جیتیں گے۔ پنجاب میں چھپنے کی جگہ نہ ملنے کے سوال پر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ میں تو پنجاب آیا ہوا ہوں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اردو پوائنٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے عابد شیر کی مہم کرنے کے سوال پر کہا کہ یہ پارٹی کا معاملہ ہے،انفرادی معاملہ تو نہیں ہے۔
پارٹی میں لوگوں کی پسند نا پسند ہوتی ہے۔جہاں پارٹی کی عزت کا معاملہ ہو وہاں سب اکٹھے ہوتے ہیں اور ہم اکٹھے ہیں۔ عمران خان کے تمام حلقوں میں جیتنے کے اینکر فرخ شہباز وڑائچ کے سوال کہا کہ جو نتیجہ ہو گا وہ قبول کریں گے۔لانگ مارچ کا الگ سے انتظام کیا ہوا ہے،اس کا ضمنی انتخابات سے کوئی تعلق نہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا وزارت داخلہ میں قائم کنٹرول سے جو معلومات موصول ہو رہی ہیں اس کے مطابق الیکشن شفاف طریقے سے ہو رہے ہیں البتہ بدنظمی کے اکا دکا واقعات سامنے آئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مقدمات کے حوالے سے کہنا تھا کہ کوئی پریشانی کی بات نہیں۔پہلے بھی اس طرح کے مقدمات کا سامنا کیا ہے۔عمران خان پرامن طریقے سے لانگ کرنا چاہتے ہیں تو کر سکتے ہیں لیکن اگر وہ اسلام آباد میں چڑھائی کرنے کی نیب سے آئے تو پھر اسے روکیں گے۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔
صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔کراچی، ملتان، مردان، چارسدہ، پشاور، فیصل آباد اور ننکانہ سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی الیکشن ہورہے ہیں۔ جبکہ پنجاب اسمبلی کی نشستوں پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 209 خانیوال اور پی پی241 بہاولنگر میں بھی ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ قومی اسمبلی کی7 نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان خود امیدوار ہیں جبکہ ملتان کے حلقے این اے 157 پر شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہربانو پی ٹی آئی کی امیدوار ہیں جن کا مقابلہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے سے ہے۔ قومی اسمبلی کی آٹھوں نشستیں پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفوں کے باعث خالی ہوئی تھی۔



