ملتان (نیشنل ٹائمز) ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر فیصل آباد نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو حلقے کی حدود سے باہر نکلنے کی ہدایت کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی ایم او فیصل آباد نے رانا ثناء اللہ کی پریس بریفنگ کیخلاف کارروائی کی۔ ڈی ایم او نے کہا کہ عوامی عہدیدار کی پولنگ ڈے پر حلقے کی حدود میں میڈیا بریفنگ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
ڈی ایم او نے 15 اکتوبر کو بھی وفاقی وزیر داخلہ کو نوٹس جاری کیا تھا۔ واضح رہے کہ رانا ثناء اللہ نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کی تھی اور کہا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں،پولیس ،رینجرز سمیت تمام ادارے احسن طریقے سے ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔کسی جگہ پر بھی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی ہے،رینجرز فوج پولیس سب کو دستیاب کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اہلکاروں سے کام لینا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،الیکشن کمیشن کی ڈائریکشنز پر تمام ایجنسیز کو عمل کرنا چاہیے۔عوام کا جو فیصلہ ہو گا وہ سامنے آجائے گا،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ کسی کے پاس اسلحہ نہیں ہونا چاہیے،پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں لوگ پہنچ جائیں تو ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔
جتھوں کی موجودگی سے حکومت تبدیل ہوسکتی تو پھر کل کو کوئی دوسرا جتھہ آئے گا،ووٹ کے لیے یہاں آیا ہوں،ووٹ سے جو تبدیلی آئے گی اس کے حق میں ہیں،مشروط مذاکرات کیلئے تیار نہیں،غیر مشروط مذاکرات ہوسکتے ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ننکانہ صاحب میں گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کی ذیلی جماعت بن گئی ہے،پولنگ ایجنٹس کو تنگ کیا جا رہا ہے،زیادہ تر شکایات الیکشن کمیشن کی ہی آ رہی ہیں،الیکشن کمیشن نے جنتا زور لگانا ہے لگا لے۔ عوامی دباؤ پر الیکشن کمیشن نے انتخابات کرائے۔ووٹرز لسٹوں کی تبدیلی کی سب سے زیادہ شکایات فیصل آباد سے آئیں،میڈیا کو کوریج سے روکنے کی اطلاعات آ رہی ہیں جس پر ہمیں تشویش ہے۔



