اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء کیپٹن ر صفدر نے پیپلز پارٹی رہنماء اعتزاز احسن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی، درخواست میں اعتزاز احسن کے بیان پر توہین عدالت کی کاروائی کی استدعا کی گئی ہے۔ جیو نیوز کے مطابق ن لیگی رہنماء کیپٹن ر صفدر نے پیپلزپارٹی رہنماء اعتزاز احسن کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے، کیپٹن ر صفدر نے اپنی درخواست میں اعتزاز احسن کے بیان پر توہین عدالت کی کاروائی کی استدعا کی ہے۔
درخواست میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد اور رجسٹرار ہائیکورٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے درخواست دائرکرنے سے پہلے بائیو میٹرک تصدیق بھی کروائی۔
یاد رہے پیپلزپارٹی نے بھی اعتزاز احسن کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ مزید برآں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء چودھری اعتزاز احسن کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہوسکتی ہے، ذوالفقار علی بھٹو کو چھوڑنے والا پہلا شخص اعتزاز احسن تھا، پارٹی میں مقام بنانے کیلئے بیگم کے نام پر ایل پی جی کوٹے نہیں لینے ہوتے بلکہ قربانی دینی پڑتی ہے، اعتزاز احسن کے بارے میں سابق صدر آصف زرداری کی رائے سے میں اچھی طرح واقف ہوں۔
علاوہ ازیں پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کے پارٹی پالیسی کیخلاف بیانات پر نوٹس لے لیا اور پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کے پی ڈی ایم قائدین کیخلاف بیانات پر نوٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے کیون کہ اعتزاز احسن نے شریف فیملی کے کیسز پر بری ہونے پر بیان دیا تھا۔ اعتزاز احسن کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان میں پیشنگوئی نہیں ہوسکتی، کوئی چھ ماہ پہلے یہ کہہ سکتا تھا کہ ساری بساط الٹی ہوگی؟ 1985 میں کوئی سوچ سکتا تھا کہ نواز شریف 3 مرتبہ وزیر اعظم بن جائیں گے؟ 4 سے 6 ماہ پہلے کوئی سوچ سکتا تھا کہ یہ لوگ اقتدار میں بیٹھے ہوں گے؟ کیا کسی کو پتہ تھا کہ عمران خان زمین اور نواز شریف عرش پر ہوں گے؟ مریم نواز بھی والد نوازشر یف کے ساتھ لندن میں موجود ہیں، مریم نواز اور نوازشر یف اپارٹمنٹس میں بیٹھے ہمارا منہ چڑھا رہے ہوں گے۔



