اسلام آباد(نیشنل ٹائمز): وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہےکہ عمران خان کے پاس تاریخ کے مضبوط ترین وزیراعظم کے اختیارات تھے اور سپریم کورٹ بھی ان کے سامنے بے بس تھی۔جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب عمران خان کا دباؤ عدالتوں سے ہٹا ہے تو جن کے خلاف کیسز بنائے گئے تھے وہ میرٹ پر بری ہورہے ہیں، شہباز شریف بھی میرٹ پر بری ہوئے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کیسز ٹھوس شواہد پر مبنی ہیں، شہباز شریف کے خلاف ڈیلی میل نے خبر شائع کی تو انہوں نے اس خبر کو برطانیہ میں چیلنج کردیا تھا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان کی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق فنانشل ٹائمز نے جو رپورٹ شائع کی، عمران اسے چیلنج کیوں نہیں کررہے ، اس لیے کہ انہیں پتا ہے کہ برطانوی عدالت میں یہ معاملہ گیا تو لینے کے دینے پڑجائیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور میں عمران خان نے سینئر صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ ساڑھے 3 سال میں آدھی پاور بھی مل جاتی تو شیر شاہ سوری سے مقابلہ کرلیتے۔
’عمران مضبوط ترین وزیراعظم تھے، سپریم کورٹ بھی ان کے سامنے بے بس تھی‘



