اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)وزیرِ اعظم شہباز شریف بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقے صحبت پور کے دورے پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے امدادی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔اس موقع پر وزیرِ اعظم کو سیلاب کی تباہ کاریوں، امداد اور بحالی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صحبت پور میں سیلاب سے 1 لاکھ 90 ہزار گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پورے علاقے میں سیلاب سے بہت تباہی ہوئی ہے، وبائی امراض پھیل گئے تو انہیں کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے گا۔انہوں نے صحبت پور میں پینے کے پانی کا مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اضافی مشینری اور وسائل استعمال کر کے پانی نکالنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان نے انہیں بتایا کہ بلوچستان میں 128 سڑکیں متاثر ہوئی تھیں، جن میں سے 91 بحال ہو چکی ہیں، صوبے میں لائیو اسٹاک کی بحالی کے لیے 11 ارب روپے کا منصوبہ ہے۔صحبت پور سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے سلیم کھوسہ نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ ہمارا علاقہ پانی سے بھرا ہوا ہے، جس کی نکاس کا کوئی انتظام نہیں ہے۔انہوں نے وزیرِ اعظم سے شکایت کی کہ وزیرِاعلیٰ بلوچستان کی توجہ اس علاقے کی طرف نہیں ہے، امید ہے کہ اب صحبت پور کی جانب توجہ دی جائے گی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سیلاب زدہ علاقوں میں پانی کے نکاس کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سیلاب سے متاثرہ صحبت پور پہنچ گئے



