اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نےکہا ہے کہ ہرچیز برداشت کی جاسکتی ہے لیکن فوج کےخلاف پروپیگنڈا مہم ناقابلِ برداشت ہے۔اپنے بیان میں چوہدری شجاعت کا کہنا تھاکہ سیاستدان سیاسی معاملات اور مصلحتیں پسِ پشت رکھ کر پروپیگنڈا مہم ناکام بنائیں اور فوج کی مکمل سپورٹ کریں۔ان کا کہنا تھاکہ پاک فوج نے ہرآفت، مصیبت اور مشکل گھڑی میں قوم کی مدد اور خدمت کی، سانحہ لسبیلہ کے شہدا کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں پوری قوم برابر کی شریک ہے اور سیاستدان مصلحتوں کو نظرانداز کرکے فوج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لسبیلہ میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کے دوران لاپتہ ہوگیا تھا۔آئی ایس پی آر نے بتایا تھاکہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا جس کے باعث ہیلی کاپٹر میں سوار کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے منفی مہم چلائی گئی تھی جس کی پاک فوج نے شدید مذمت کی ہے۔
سیاستدان مصلحتوں کو نظرانداز کرکے فوج کیساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں: شجاعت



