اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ وفد کی برلن میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔وفد کے شرکاء نے وزیر خارجہ کو جرمنی آمد پر خوش آمدید کہا اور پھول پیش کیے ۔وزیر خارجہ نے جرمن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں پاکستان اور جرمنی کے مابین دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے اہم زریعہ قرار دیا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قانونی طریقے سے رقم کی ترسیل میں آسانی فراہم کرنے کیلئے “ڈیجیٹل روشن پاکستان” منصوبے کا آغاز کیا ہے جبکہ ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں ۔ہم الیکٹرانک ووٹنگ کی آپشن کو بھی زیر غور لا رہے ہیں تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی سہولت سے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ دورہ جرمنی کے دوران میری جرمن ہم منصب اور دیگر قیادت سے انتہائی سود مند ملاقاتیں ہوئیںہم پاکستان اور جرمنی کے مابین دو طرفہ اقتصادی اور معاشی تعاون کو ایک نئی جہت پر لے کر جا رہے ہیں ۔پاکستانی کمیونٹی کے وفد نے پاکستان اور جرمنی کے مابین دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے وزیر خارجہ کی کاوشوں کو سراہاکمیونٹی وفد نے میونخ میں سفارت خانہ کھولنے کے اعلان پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ وفد کی برلن میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات



