اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آرمڈ فورسز انسیٹیٹوٹ فار ری ہیبیلٹیشن میڈیسن راولپنڈی کا دورہ کیا۔اس موقع پرآرمی میڈیکل کور کی سربراہ لفٹیننٹ جنرل نگار جوہر اور آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ فار ری ہیبیلٹیشن میڈیسن کے سربراہ کمانڈنٹ میجر جنرل ظفر علی اور انسٹیٹیوٹ کی انتظامیہ نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔وزیر خارجہ نے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ فار ری ہیبیلٹیشن میڈیسن کے سبزہ زار میں پودا لگایا ۔وزیر خارجہ کو آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ فار ری ہیبیلٹیشن میڈیسن کے دائرہ کار اور کارکردگی کے حوالے سے مفصل بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیر خارجہ نے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور زیر علاج پاک فوج کے باہمت اور پر عزم جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوںنے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ فار ری ہیبیلٹیشن میڈیسن میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کو سراہا اورزیر علاج جوانوں کے عزم اور حوصلے کی داد دی۔یہ بھی کہا کہ ہماری جری افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیںاورپوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ فار ری ہیبیلٹیشن میڈیسن ،ملک میں مصنوعی اعضا کا سب سے بڑا اور جدید مرکز ہے جہاں خاص طور پر محاذ جنگ پر زخمی ہونے والے فوجیوں کا علاج کے لیے لایا جاتا ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا آرمڈ فورسز انسیٹیٹوٹ فار ری ہیبیلٹیشن میڈیسن راولپنڈی کا دورہ



