اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نےچینی ہم منصب سے ملاقات کے دوران جامعہ کراچی میں چینی باشندوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعے کی ایک بار پھر شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔چین کے شہر گوانگژو میں وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے چینی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں پاک چین تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی۔ بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بے قصورچینی باشندوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں، چینی شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرےمیں لائیں گے۔انھوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنائی جا رہی ہے، یقین دلاتے ہیں کہ چینی باشندوں پر حملہ کرنے والوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بطور وزیرخارجہ چین کے پہلے دورے پر آنے پر انتہائی مسرت ہے، شاندار میزبانی پر چین کا شکر گزار ہوں جبکہ میرا دورہ دو طرفہ تعلقات کے 71ویں سالگرہ کے موقع پر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاک چین سفارتی تعلقات کے 71 برس مکمل ہونے پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور چینی ہم منصب نے کیک بھی کاٹا۔
چینی باشندوں پر حملہ کرنیوالوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے: بلاول بھٹو



