کراچی (نیشنل ٹائمز) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ دوبارہ کوئی سلیکٹڈ نہیں چاہتے ، انتخابی اصلاحات کے بغیر الیکشن نہیں کرائیں گے،ہمارے گیم پلان میں الیکٹورل، نیب ریفارمز اورگھروں کے بجھے چولہوں کو جلانا ہے،ہم الیکشن سے ڈرتے نہیں عمران خان جلدی الیکشن کرا کے کیا کرے گا؟انہوں نے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ زرداری بھاری نہیں ، کبھی اس کو قبول نہیں کیا، بھاری صرف اللہ کی ذات ہے انسان بہت کمزور ہے۔
میں سن رہا ہوں اور دیکھ رہا ہوں کہ لوگ اس نعرے کو کہ الیکشن کرائیں، آج تک ہم کہتے رہے کہ الیکشن کرائیں یہ دھاندلی کے الیکشن ہیں، تو سلیکٹڈ سمیت کسی نے بات نہیں سنی، ہم نے پی ٹی آئی کے ووٹوں کے بغیر حکومت بنائی، اب کہتے الیکشن کرائیں، ہم نے کب کہا ہم الیکشن سے ڈرتے ہیں۔
ہمارے گیم پلان میں الیکٹورل اور نیب اصلاحات شامل ہیں، آج معیشت اس نہج پر پہنچ گئی ہے جب لوگ ہمیں پیسا دینے کو بھی تیار نہیں ہے، اسی طرح اسٹاک ایکسچینج کا حال مشرف نے کیا تھا ، میں نے 9ہزار سے چھوڑ کر 26ہزار پر اسٹاک ایکسچینج چھوڑی، ان کو فکر الیکشن کی ہے، الیکشن جلدی کرائیں، یہ الیکشن جلدی کرا کے کیا کرے گا؟ اس نے چار سال کیا کیا؟ انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف سے رات بات ہوئی کہ جیسے ہی انتخابی اصلاحات ہوں الیکشن کرائے جائیں، نوازشریف سے گزشتہ رات بات کی اور انہیں سمجھایا ہے، میاں صاحب سے مشاورت کے بعد بات کررہا ہوں، انتخابی اصلاحات میں تین یا چار ماہ لگیں گے اس کے بغیر الیکشن میں نہیں جائیں گے، نہیں چاہتے دوبارہ کوئی سلیکٹڈ آئے۔
جیسے ہی ہمارے اہداف پورے ہوجائیں گے تو ہم الیکشن کرائیں، ہمارے پاس اس وقت تیل مہنگا ہے، ہم تیل کہاں سے لائیں گے؟سعودی حکومت نے ایک بلین بیرل کی 70ڈالرکا معاہدہ کیا ہوا ہے، وہ مل رہی ہے، وزیراعظم کے سعودی حکومت سے اچھے تعلقات ہیں وہ بات کریں گے، آئی ایم ایف کا پروگرام چل رہا ہے، تب تک مشکلات ہیں، ہم تیل کی قیمتیں نہیں بڑھانا چاہتے، ایک بار آئل کی قیمت بڑھتی ہے تو ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے، وہ کہتا تھا میں آلو اور ٹماٹر کی قیمت کیلئے نہیں آیا تھا لیکن ہم نے ہر گھر کے بجھے چولہے کو جلانا ہے۔



