اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) حکومت آئینی مدت پوری کریگی، آئینی طورپر اگست 2023 تک حکومت کی مدت ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے نومبر سے متعلق تبدیلوں کا سوال قبل از وقت قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم میاں شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، آئینی طورپر اگست 2023 تک حکومت کی مدت ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ آئندہ الیکشن میں اتحاد بنایا جائے، نومبر سے متعلق تبدیلوں کا سوال ابھی قبل از وقت ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہماری تو ابھی مدت تین ہفتے کی ہے، ہم نے عام آدمی کو ریلیف دیا، ان کو نیب سیاسی گٹھ جوڑ اور دن رات گالیوں سے فرصت نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین جنگ کے باعث دنیا بھرمیں مہنگائی زوروں پر ہے، ہم نے تیل کی قیمتیں نہیں بڑھائیں، ہم پر آئی ایم ایف کا بہت زیادہ پریشر ہے، پاکستان قرضوں میں جکڑا ہوا ہے۔ایک سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ ہم انتقامی کارروائی نہیں کریں گے لیکن قانون اپنا راستہ اپنائے گا، اظہار رائے کی آزادی پر کوئی قدغن نہیں مگر انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں ہے، ہم انصاف اور قانون کے داعی ہیں۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ آج آپ کے ساتھ عدالتوں کے باہر ملاقات ہو رہی ہے، آپ تمام رپورٹرز بڑے اچھے طریقے سے پیش آئے، آپ برے وقت کے ساتھی ہیں، اچھے وقت میں سب ساتھ ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ باہمی مشاورت سےاصلاحات لے کر آئیں گے، منشیات کے بڑھتے واقعات تشویشناک ہیں، گزشتہ حکومت کا اینٹی نارکوٹکس محکمہ سیاسی افراد پرمقدمات بنانے میں مصروف رہا۔نجی ٹی کے مطابق میاں شہباز شریف نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں آپ نے میری بہت ہمت باندھی، کڑے وقت میں آپ حق اور سچ کے ساتھ کھڑے رہے، جیل میں موبائل کی سہولت نہیں تھی۔ایک سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ شکر کریں انہوں نے کھانے پینے پر ٹیکس نہیں لگایا، تیل اورپیٹرول کی قیمتیں ساڑھے تین سال یاد نہ رہیں۔
حکومت آئینی مدت پوری کریگی، وزیراعظم شہباز شریف کا دو ٹوک اعلان



