اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے متحد ہونے سے حکومت کو ایک کے بعد ایک شکست کا سامنا ہو رہا ہے۔متحدہ اپوزیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن متحد ہو جاتی ہے تو عوام کی آواز بن سکتے ہیں اور کامیاب ہو سکتے ہیں۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ جس طریقے سے حکومت اور اتحادی ایکسپوز ہو چکے ہیں وہ قوم کے سامنے ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے ہر حربہ استعمال کیا، دباؤ ڈالنے کی کوشش کی، ہر طرف سے فون کالز کرائی ہیں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ آج سنا کہ ایک حکومتی ممبر جو شاید نہیں آنا چاہ رہے تھے، ان کے گھر پولیس پہنچی، اس حکومتی رکن کے گھر انتظامیہ بھی پہنچی کہ آپ کو توزبردستی لے جائیں گے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کے جو سارے ممبران آج یہاں موجود ہیں ان سب کو سلام پیش کرتے ہیں۔
اپوزیشن کے اتحاد سے حکومت کو شکست کا سامنا ہے: بلاول بھٹو زرداری



