اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)ملک بھر میں سرکارِ دو عالم، نبی مہرباں اور آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن مکمل عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔12 ربیع الاول پر دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ لاہور کے ایوب اسٹیڈیم کینٹ میں پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے توپوں کی سلامی دی۔کراچی سے لے کر خیبر اور گلگت سے گوادر تک میلاد النبی ﷺ کے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں، گلہائے عقیدت نچھاور کیے جاتے رہے، بچے بھی پیش پیش رہے۔جشن میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے نذرو نیاز کا بندوبست بھی کیا گیا، کہیں منوں وزنی کیک تیار کیے گئے تو کہیں منہ میٹھا کرنے کیلئے میوہ جات اور مٹھائیوں کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر عمارتوں کو دیدہ زیب روشنیوں سے سجایا گیا جبکہ شاہراہوں پر سبز پرچموں کی بہار نظر آئی، گنبد خضریٰ اور خانہ کعبہ کے خوبصورت ماڈل بھی دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔درود و سلام اور نعتیہ کلام سے ملک بھر میں تمام دن مولائے کُل محمد مصطفی ﷺ سے والہانہ محبت کا اظہار کیا جاتا رہا، گھروں میں بھی محافل میلاد سجائی گئیں۔عیدمیلاد النبیؐ کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے تحت مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند رہی جبکہ سندھ بھرمیں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی رہی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پہلی بار وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر خصوصی چراغاں کا اہتمام کیا گیا ہے، اہم سرکاری ونجی عمارتوں کے ساتھ ساتھ گرین ایریا اور درختوں پر بھی لائٹیں لگائی گئیں۔ادھر لاہور شہرکو بھی برقی قمقموں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیاہے، ہر گلی ہر محلہ اور عمارتیں جگمگارہی ہیں۔پشاور میں بھی گلی گلی قریہ قریہ جشن میلاد کی خوشی میں سجاوٹ کی گئی ہے۔اس کے علاوہ کراچی، لاہور، ملتان، اسلام آباد، پشاور، گلگت، چترال اور فیصل آباد ائیر پورٹس کو روشنیوں سے سجایا گیا جبکہ ملک بھر میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے دفاتر کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا۔



