جیوچوان(نیشنل ٹائمز) پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں نیا سنہری باب رقم، چین اور پاکستان کا مشترکہ خلائی مشن شین ژو 24 خلا میں پہنچ گیا۔
خلائی مشن شین ژو 24 چین کے 2 اور ایک پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو لیکر روانہ ہوا تھا، خلائی شین ژو24 مشن 4 سے 5 گھنٹے بعد چین کے خلائی سٹیشن میں داخل ہوگا، یہ پاک چین دوستی کی تاریخ کا ایک سنہرا اور تاریخی دن ہے، پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان نے تاریخ رقم کر دی۔
پاکستانی وقت کے مطابق 5 بجکر18 منٹ پر خلائی مشن روانہ ہوا، خلائی پرواز کے 4 سے 5 گھنٹے بعد پاکستانی خلا بازمحمد ذیشان چین کے خلائی سٹیشن میں داخل ہوں گے۔
چینی خلا باز تانگ ہونگبو، وویی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی خلائی مشن انجام دیں گے، خلائی مشن ایک ہفتہ خلا میں قیام کے بعد زمین پر واپس آئے گا۔
خلائی مشن شین ژو24 پر روانگی سے قبل خلا بازوں کی الوداعی تقریب ہوئی، وفاقی وزیر احسن اقبال نے تقریب میں شرکت کی، تقریب میں پاکستانی پرچم لہرائے گئے، پاکستانی اور چائنیز خلا بازوں نے شرکا کو ہاتھ ہلا کر الوداع کہا، تینوں خلا باز گاڑیوں میں بیٹھ کر خصوصی پروٹوکول میں خلائی مرکز پہنچے۔
واضح رہے کہ پاکستانی خلا بازمحمد ذیشان کا کہنا تھا کہ قوم کی امیدیں ساتھ لیکرخلا میں جارہا ہوں، خلائی مشن میں صرف میری نہیں پورے پاکستان کی نمائندگی ہوگی، یہ مجھ سمیت پورے پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔
محمد ذیشان علی کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مزید مشترکہ خلائی مشن بھی ہوں گے، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے، پاکستانی خلا باز نے علامہ اقبال کا شعر بھی پڑھا۔
چینی خلا باز نے کہا تھا کہ پاکستان اور چین کا خلائی تحقیق کے میدان میں مشترکہ خواب ہے، محمد ذیشان نے چینی زبان سیکھنے کیلئے محنت کی جس سے ہمیں باہمی رابطے میں آسانی ہوئی۔
پاکستانی خلا بازمشن میں بطور پے لوڈ سپیشلسٹ ذمہ داریاں انجام دیں گے، محمد ذیشان مائیکرو گریویٹی ماحول میں سائنسی تجربات انجام دیں گے، پاکستانی اور چائینز خلا بازمختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے، محمد ذیشان کی تاریخی خلائی پرواز سے خلائی تحقیق میں پاکستان کا نام نمایاں ہوگا۔



