مستونگ (نیشنل ٹائمز) ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ N-25 پر کنڈاوا پوسٹ پر دہشتگردوں کا بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملہ ناکام، سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تین دہشتگرد ہلاک کردیے گئے، دھماکے میں دو شہری شہید، متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ N-25 پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملے کی بزدلانہ کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا، جوابی کارروائی میں تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
دھماکے کے نتیجے میں قریبی مقامی مکانات اور ایک مسجد کو نقصان پہنچا، جبکہ افسوسناک واقعے میں دو شہری شہید اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ شہید ہونے والے شہریوں میں کلیم اللہ ولد عبداللہ اور بی بی لائبہ دختر دل مراد شامل ہیں جبکہ تین ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوگئے ۔
زخمی ہونے والے مقامی شہریوں میں عبد الحق ولد نور محمد، عمر 63 سال ، محمد اکرام ولد سید محمد، عمر 21 سال، محمد رمضان ولد گل محمد عمر 35 سال، محمد سنان ولد محمد رمضان عمر 3 سال، تانیہ دختر امیر احمد عمر 21 سال ،منزہ دختر محمد رمضان عمر 23 سال ، بی بی حسینہ دختر جمعہ خان عمر 25 سال، زاہدہ دختر عبدالقادر عمر 45 سال ، فائزہ گل دختر امیر احمد عمر 18 سال، شاہینہ دختر عبد الحق عمر 35 سال، شہلیزہ دختر سید محمد عمر 12 سال، معراج دختر عبد الحق عمر 22 سال اور چھتیس سالہ بی بی سیدہ زوجہ سید محمد شامل ہیں ۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے متعلقہ طبی مراکز منتقل کیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ پولیس بلوچستان کے مطابق اس بزدلانہ حملے سے ثابت ہوتا ہے کہ ان دہشتگردوں کا بلوچستان کی عوام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ۔ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کا بڑا حملہ کرنے کےعزائم کو ناکام بنایا۔ بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
مستونگ: دہشتگردوں کا بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملہ ناکام، 3 دہشتگرد ہلاک



