نئی دہلی(نیشنل ٹائمز)کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ 1992 میں ٹیلی ویژن پر بابری مسجد کو منہدم ہوتے ہوئے دیکھ کر وہ رو پڑی تھیں،برطانوی اخبار دی گارڈین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے ٹیلی ویژن پر بابری مسجد کے انہدام کا منظر دیکھا تو اسی وقت احساس ہوگیا تھا کہ جس سیکولر ملک کی تعمیر کی کوشش مہاتما گاندھی، جواہر لعل نہرو اور ان کے ساتھیوں نے کی تھی اس کے لیے انہیں طویل لڑائی لڑنی ہوگی۔سونیا گاندھی نے کہا کہ ان کی اپنی پارٹی کی ناکامیوں نے بھی کسی حد تک بی جے پی اور اس کی سخت گیر ہندوتوا سیاست کے عروج میں تعاون کیا۔سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کیے جانے کے فیصلے پر سونیا گاندھی نے کہا کہ اس معاملے پر خاندان کے افراد کی رائے منقسم تھی۔
راجیو گاندھی اس قدم کے خلاف تھے اور انہوں نے اپنی والدہ سے اگلے انتخابات تک انتظار کرنے کی اپیل کی تھی لیکن ان کے چھوٹے بیٹے سنجے گاندھی نے ایمرجنسی نافذ کرنے پر زور دیا تھا۔ سونیا گاندھی نے تسلیم کیا کہ اندرا گاندھی کا ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ ایک غلطی تھی اور ان کا خیال ہے کہ ان کی ساس کو بھی بعد میں اس کا احساس ہوا تھا۔دریں اثنابی جے پی کے ترجمان سدھانشو تریویدی نے بابری مسجد کی شہادت کا واقعہ دیکھ کر رونے سے متعلق سونیا گاندھی کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ا س وقت بھی بابر کانگریس کے دل میں بستا تھا اور آج بھی اس کے دل میں موجود ہے ، کانگریس اب مہاتما گاندھی کے رام راجیہ کے تصور سے دور ہو کر اپنے دائرہ کار کو بابر راج تک محدود کر چکی ہے ۔بی جے پی کے رکنِ راجیہ سبھا ترون چگ نے کہا کہ سونیا کو بھارت کو واضح طور پر دیکھنے کے لیے اپنے اطالوی چشمے اتارنے کی ضرورت ہے ۔



