نئی دہلی(نیشنل ٹائمز)کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹا کر غداری کے الزام میں جیل بھیجا جائے گا۔۔۔
جبکہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو بھی ووٹ چوری کے معاملے پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ نئی دہلی میں اپوزیشن اتحاد انڈیا بلاک کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ 2024 کے انتخابات کے بعد انتخابی فہرستوں سے 13کروڑ 50 لاکھ ووٹروں کے نام حذف کیے گئے ۔ یہ تعداد مجموعی ووٹروں کا تقریباً 15 فیصد بنتی ہے ۔ اگر یہ ووٹر جائز نہیں تھے تو اس کا مطلب ہے کہ 2024 کے انتخابات غیر قانونی تھے ۔ ریلی میں کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے ، پریانکا گاندھی وادرا، سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی، راشٹریہ جنتا دل کے رہنما تیجسوی یادو، نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداﷲ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔



