لاہور(نیشنل ٹائمز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا دیہی خواتین کے لئے ٹیکسٹائل ٹریننگ کے لئے ’’شی تھریڈ پروگرام کامیابی سے جاری ہے جس کے تحت 1150دیہی خواتین ٹیکسٹائل ٹریننگ مکمل کر کے برسرروزگار ہوچکی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے جون تک 2500دیہی خواتین کی ٹیکسٹائل ٹریننگ کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ مریم نواز شریف کی ہدایت پر گائوں کی خواتین کو ٹیکسٹائل ٹریننگ کے ساتھ ماہانہ 15ہزار روپے وظیفہ بھی ملے گا، شی تھریڈٹریننگ کی تکمیل کے بعد ٹیکسٹائل ا نڈسٹری میں روز گار بھی فراہم کیا جائے گا۔ محکمہ و یمن ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمامشی تھریڈپروگرام کے تحت لاہور میں دیہی علاقو ں کی خواتین کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے ، شی تھریڈپروگرام میں دیہی خواتین کو انڈسٹریل سلائی مشین آپریٹر اپیرل سپر وائزر ٹریننگ دی جائے گی، لاہور کے قریب ملتان روڈ پر واقع شاہکام انڈسٹری میں شی تھریڈپروگرام کی ٹریننگ کا اہتمام کیاگیا ہے ، 3ماہ کے کورس میں کلاس روم، تدریس کے ساتھ ساتھ پریکٹیکل ٹریننگ بھی کرائی جائے گی، 18سے 45سالہ خواتین کے پاس پنجاب کا رہائشی/ڈومیسائل ہونا ضروری ہے ، شی تھریڈپروگرام میں رجسٹریشن کے لئے میٹرک کی اہلیت مقرر کی گئی ہے ، شی تھریڈ پروگرام کے تحت خواتین کو مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ہنر سکھا کر ٹیکسٹائل انڈسٹری میں روز گاربھی دیا جائے گا۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے صفائی کی صورتحال میں 100 فیصد بہتری لا نے کیلئے 15 دن کا ٹاسک دے دیا ہے ، وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ستھرا پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں غیر تسلی بخش صفائی پر سالڈ ویسٹ کمپنیاں ختم کرنے پر غور کیا گیا،اس موقع پرلاہور، فیصل آباد، گو جرانوالہ، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں سیلف آپریشن کا فیصلہ کیا گیا،وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں روڈز پر گرد وغبار نظر آنے پر تشویش کا اظہار کیا اور مرکزی سڑکوں کی روزانہ دھلائی کا حکم دیا،انہوں نے صفائی کے بعد سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے پر جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی اور مارکیٹوں،بازاروں،سبزی، فروٹ اور غلہ منڈی میں کوڑا کرکٹ پھینکنے پر جرمانہ عائد کرنے کیلئے اقدامات کا حکم دیا۔ اجلاس میں ہر ڈسٹرکٹ میں ہیومین ریسورس اور مشینری پوری کرنے کاٹارگٹ مقررکیا گیا،انہوں نے ہر متبادل دن گاؤں کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی،وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ ہر شہر اور ہر علاقے میں ورکرز کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنا ئی جائے ۔ اجلاس میں خالی پلاٹ پر کوڑا کرکٹ نظر آنے پر مالکان کو جرمانہ عائد کرنے پر غورکیا گیا۔ علاوہ ازیں صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صحافیوں کو بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دینے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ۔ صحافیوں کا تحفظ، آزادی صحافت اور آزادی اظہار جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے ۔ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان، سچائی کے علمبردار ہیں۔



